پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر عبدالحاکم قائد کا اوماڑہ دہشت گردی کی مذمت

جمعہ 19 اپریل 2019 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے گوادر اوماڑہ کے قریب پاک بحریہ اور مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کرنے کے بعد شہید کرنے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار اور دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے واقعات میں ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں کا ملوث ہونے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

پاکستان دشمن قوتیں ملک میں امن سکون نہیں چاہتی ہیں ۔ واقعہ کی ہر سطح پر تحقیقات اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے بغیر اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن نہیں ۔ بھارت اوراسرائیل کی پاکستان دشمنی کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے ۔ماضی میں امریکی سفارتی عملہ بھی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ریمنڈڈیوس کی گرفتاری اور رہائی کو پاکستانی عوام بھولے نہیں ہیںاور کلبھوشن یادیو کی پاکستان کے خلاف سازشوں کا اعتراف بھی اس بات کو واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے ۔

اسلئے بھارت کے ساتھ امریکی سفارتی عملے کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جانی چاہئے ۔ پاکستانی قوم سی پیک کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ اس طرح کے واقعات سے پاک افواج اور قوم کے حوصلوں کوپست کرنے کی سازشیں نہ پہلے کامیاب ہوئی ہیں اور نہ ہی آئندہ کامیاب ہوںگی ۔پاسبان اور پوری قوم دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں