وام غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمے ، مسائل کے حل اور ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، حافظ نعیم الرحمٰن

جمعہ 19 اپریل 2019 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ عوام غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمے ، مسائل کے حل اور ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے ،اللہ کی بندگی اور اطاعت رسولﷺہماری دعوت ہے۔اس دعوت سے متفق ہر خاص وعام کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

اس وقت ملک ایک مشکل دور سے گزررہا ہے ، موجودہ حکومت نے بھی عوام کو مایوس کیا ہے اور ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم بیداری کی مہم ہے۔عوام بیدار ہوجائیں تو تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔کارکنان گھر گھر جا کر دعوتی پیغام پہنچائیں، رابطہ عوام مہم میں پوری قوت کے ساتھ کام کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی گجرو میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے امیر ضلع شمالی محمد یوسف ، ناظم علاقہ حاجی طور خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع غر بی کے سابق امیر عبد الرزاق خان، سیکریٹری نشرو اشاعت نیک محمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں حافظ نعیم الرحمٰن نے کارکنا ن اور ذمہ داران کے ہمراہ معززین علاقہ اور عام افراد ملاقاتیں بھی کیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ70سال سے اس ملک میں طبقہ اشرافیہ کی حکمرانی ہے جس نے قوم کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اورغریب عوام کا استحصال کیا ہے اب اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ تمام مظلوم ظالموں اور لٹیروں کے خلاف متحد ہوں اور ظلم کے نظام کے خاتمے کی جدو جہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی غربت بے روزگاری اور بے شمار مسائل نے غریب عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے،غریب لوگوں کے بچے تعلیم اور صحت جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہوجاتے ہیں۔جماعت اسلامی مظلوموں،محروموں اور کمزوروں کی دادرسی کرے گی ، ہم ملک میں اسلامی اور فلاحی انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں۔

ہم چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور نظام کی تبدیلی ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرے گی۔ امیر ضلع شمالی محمد یوسف نے کہا کہ جو شخص اپنے آپ کو اللہ کے حوالے کر دے اور عملاً وہ نیک ہو، اٴْس نے فی الواقع ایک مضبوط سہارا تھام لیا۔ سب کی رضا پر اپنے رب کی رضا کو فوقیت دینے والے کارکنان الحمداللہ جماعت اسلامی کا اثاثہ ہیں ،ہم اللہ کے محبوب نبیﷺ کا کام کررہے ہیں ،ان شاء اللہ اس ملک کا مقدر اسلامی انقلاب ہی ہے۔ناظم علاقہ حاجی طور خان نے کہا کہ رابطہ عوام مہم کا بنیادی مقصد توسیع دعوت اورجماعت اسلامی کے دعوتی پیغام کو عام کرنا ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں