۵دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ، صرف خوف، دہشت اور تباہی پھیلانا ہوتا ہے، جماعت اسلامی پاکستان سندھ

اتوار 21 اپریل 2019 20:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو اور جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہولناک بم دھماکوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور کئی سو افراد کے زخمی ہونے والے واقعے پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ہوتا، دہشتگرد صرف دہشتگرد ہوتا ہے جن کا مقصد صرف خوف، دہشت اور تباہی پھیلانا ہوتا ہے، کولمبو میں معصوم اور نہتے لوگوں کا قتل عام انسانیت سے عاری اور وحشت وبربریت کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ ہم اس دکھ اور غم کی گھڑی میں سری لنکا کے عوام خاص طور پر مسیحی برادری کے ساتھ ہیں، دہشتگرد دنیا میں کبھی مساجد اور کبھی گرجاگھروں پر حملے کرکے مذاہب کے درمیان نفرت اور انسانوں کو ہولناک جنگوں کے ذریعے برباد کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام بھی گذشتہ 20سالوں سے دہشتگردی کا سامنا کررہے ہیں، ہمسایہ ملک اور عالمی طاقتوں کی جانب سے لگائی ہوئی دہشتگردی کی آگ نے پاکستانی عوام کو جو زخم دیئے ہیں ہم کبھی نہیں بھول سکتے اسلئے آج سری لنکا میں ہونے والی دہشتگردی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمیں پوری ہمدردی ہے۔

(جاری ہے)

دنیا جب تک دہشتگردی کو مذہب اور نسل سے الگ نہیں کرے گی تب تک دہشتگرد اور ان کے سہولتکار اس طرح اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوتے رہیں گے۔ اسلئے مہذب دنیا کو چاہئے کہ دہشتگردی کو مذہب یا نسل سے جوڑنے کی بجائے صرف دہشتگرد کی نظر سے دیکھا اور نمٹا جائے، فلسطین، کشمیر، برما میں ریاستی دہشتگردی کو بھی دہشتگردی تسلیم کیا جائے اور متاثرہ مسلمانوں کی آزادی اور انکے انسانی حقوق کو بھی تسلیم کیا جائے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں