رمضان المبارک سے قبل لیاری کے پانی کا پریشر درست نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ بڑا احتجاج کریں گے،سید عبدالرشید رکن سندھ اسمبلی

اتوار 21 اپریل 2019 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی جنوبی کراچی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ لیاری میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی پانی کی بندش افسوسناک ہے،رمضان المبارک سے قبل لیاری میں پانی کا مطلوبہ پریشر دیا جائے تاکہ شہریوں کو با برکت مہینے میں کسی قسم کی مشکلات نہ اٹھانی پڑیں،ان کا کہنا تھا کہ پانی کی بندش کے ساتھ ہی ٹینکر مافیا سمیت سوزوکیوں پر واٹر بورڈ کے کرپٹ عملے کی سپرستی میں پانی فروخت کیا جا رہا ہے جس کی فوری روک تھا م ہونی چاہیے،رمضان سے قبل پانی کی فراہمی کا سلسلہ درست نہ ہوا تو عوام کے ساتھ بھر پور احتجاج کریں گے، ان خیالات کااظہار ایم پی اے نے رانگیواڑہ نوالین گل محمد لین ،بہارکالونی ،سنگولین سمیت لیاری کے دیگر علاقوں میں دورے کے دوران پانی کے مسئلے کو لے کرعوام کی شکایات سنتے ہوئے کیا،سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور وہ اسکی ہر شہری کو فراہمی کے لیے اسمبلی میں بھی بھر پور آواز اٹھائیں گے ،اس دوران انہوں نے لیاری میں جماعت اسلامی کے تحت مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے کی جانے والی بورنگ اور الخدمت کے تحت لگائے جانے والے فلٹریشن پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں