رمضان نشریات کوشریعت کے مطابق بنائیں،مفتی محمدنعیم

اسلام کاروبار سے منع نہیں حوصلہ افزائی کرتاہے شرعی حدودوقیودکی پابندی ضروری ہے،مہتمم جامعہ بنوریہ العالمیہ

پیر 22 اپریل 2019 17:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) معروف مذہبی اسکالر وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ معاشرے کے بگاڑواصلاح میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ،پیمراچینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابند بنائے، ٹیلی مالکان رمضان نشریات کو شریعت کے مطابق بنائیں ،ریٹنگ کیلئے، متنازع کردار وافعال کے حامل افراد کو مذہبی پروگراموں کی میزبانی مذہب کی توہین کاباعث بنتی ہے۔

پیرکو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مبارک ومقدس ماہ کی آمد آمد ہے جو آخرت کی کمائی کی سیزن ہے ہر شعبہ زندگی تعلق رکھنے والے لوگ بابرکت ماہ کی آمد کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں کہاکہ رمضان المبارک میں پیمرا چینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابندبنائے ، ٹی وی چینلز مالکان اشتہارات وریٹنگ کی جنگ کو اس کی حدود تک رکھیں، اسلام اور شعائر اسلام کا مذاق اڑانے، اس کی توہین کرنے اور کھلے عام فحاشی پھیلانے والوں کو مذہبی پروگراموں کی میزبانی دینا بالواسطہ مذہب کی توہین کے مترادف ہے،انہوں نے کہاکہ رمضان امت مسلمہ کی تربیت کا مہینہ ہے اس میں میڈیا کو اسلامی تربیتی پروگرام تشکیل دینے چاہیں نہ کہ ایسے پروگرامات جو رمضان کے تقدس کی پامالی کا باعث رہے ہوں ۔

(جاری ہے)

دنیا کے عارضی فوائد کیلئے نظریات کا سودا کرنے والے سراسر گھاٹے کا سودا کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ مذہب کی تبلیغ کیلئے بے داغ کردارکے حامل لوگوں کو مختص کرنا چاہیے جو اللہ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے والے ہوں نہ کہ ایسے لوگوں کو جن کا شب وروز اسلام کے خلاف گزرتاہو، یہی وجہ ہے کہ اسلام کی تبلیغ کرنے سے پہلے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کے سامنے خود پیش کیا اور کہاکہ اے قریش والو !میں چالیس سال تمہارے درمیان رہا تم نے مجھے کیسا پایا ، جب قریش نے آپ کی امانت دیانت اور صداقت کا اقرار کیا تو تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذہب کی بات کی اور کہاکہ کلمہ توحید کے دائرے میں داخل ہوکر مسلمان بن جاؤ ، انہوں نے کہاکہ اگر ٹی وی چینل ملک اور اسلام کے ساتھ مخلص ہیں تو وہ اپنے مذہبی پروگرامات کی باعث معصیت نہ بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں