پاکستانی معیشت کی زبوں حالی خطہ کی مجموعی معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب کرے گی، میاں زاہد حسین

وز یر خزانہ اسد عمر کا مستعفی ہونا معاشی بحران میں مزید سنگینی کی نشاندہی کر رہاہے، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی بطور مشیر خزانہ تقرری بیمار ملکی معیشت کے لئے سود مند ثابت ہوگی ۔

پیر 22 اپریل 2019 18:32

پاکستانی معیشت کی زبوں حالی خطہ کی مجموعی معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب کرے گی، میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چےئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موڈیز ، فِچ، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک کے بعد اب آئی ایم ایف نے بھی پاکستانی معیشت کی تنزلی کی پیشنگوئی کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں پھیلی معاشی ابتری اوربدحالی مستقبل میں جنوبی ایشیا ء اور مشرق بعید ایشیا ء پر مبنی پورے خطے کی معا شی ترقی پر منفی اثرات مرتب کرنے کا باعث بنے گی، اسی دوران وزیر خزانہ اسد عمر کا بجٹ سے عین پہلے اور آئی ایم ایف سے جاری اہم مذاکرات کے درمیان مستعفی ہو نا ملک کو درپیش خطرناک معاشی بحران میں مزید اضا فہ کا عندیہ ہے۔

موجودہ حکومت نے ملک کو اقتصادی مشکلات سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر ڈالنے کا عزم ظاہر کیا تھا لیکن 23فیصد ڈی ویلیو ایشن کے باوجود ایکسپورٹ میں اضا فہ نہ ہونے کے با عث معیشت میں بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے موجودہ اقتصادی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ جولائی تا مار چ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 52فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ حکومتی اقدا مات کے با عث درآمدات میں کمی اور بیرون ملک سے ترسیلا ت میں اضا فہ کے با عث کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 4ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے ۔

جبکہ اس سال ایکسپورٹ میں 5 فیصداضا فہ متو قع ہے۔ 9ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1ارب 27کروڑ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کا ری ہوئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے سرکا ری ذخائر گز شتہ ہفتے1.28بلین ڈالر کم ہو ئے ہیں ۔ جس سے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 16.2بلین ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی بطور مشیر خزانہ تقرری کے بعد بز نس کمیو نٹی کی جا نب سے مثبت رد عمل سے جمعہ کے روز اسٹاک مارکیٹ کے ایس ای 100انڈیکس 480پوائنٹس کے اضا فہ سے 37292پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے جو اچھی پیش رفت ہے ۔

تا ہم اب تک پورٹ فولیو سرما یہ کاری سے انخلاء 40کروڑ95لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔ FBRکی ٹیکس وصولی میں بھی چار سو ارب روپے کی کمی واقع ہو چکی ہے ۔ میاں زاہد حسین نے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے کو سراہا اور ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی بطور مشیر خزانہ و اقتصا دی عمور نامزدگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ عالمی شہرت رکھنے والے پاکستانی ماہر اقتصا دیا ت ہیں جو کہ اقتصا دی پالیسی ساز ی اور پالیسیوں کے نفاذ اور ان پر عمل درآمد کا 35سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور اس سے قبل2010 - 2013تک وزیر خزانہ کے فرائض بھی خوش اسلوبی سے انجام دے چکے ہیں ۔

بز نس کمیونٹی اور صنعتکار اُن کی نا مز دگی کے بعد یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے تجربہ اور پیشہ ورانہ صلا حیتوں کو بروئے کا ر لا تے ہوئے ملک کو اقتصادی بحران سے نکال کر معاشی ترقی کی راہ پر گامز ن کرسکیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں