پی ٹی آئی نئی پیکنگ میں پرانا مال فروخت کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے ‘ وقار مہدی

یوتھیوں،تبدیلی اور انصاف کے دعوے داروں کا تو جنازہ نکال دیا مگر ملک و قوم کے ساتھ کھیلنے نہیں دینگے‘ عبدالرحیم‘ وقاص شوکت مشترکہ بیان

پیر 22 اپریل 2019 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، ضلع شرقی کے قائم مقام جنرل سیکریٹری لالا عبدالرحیم اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نئی پیکنگ میں پرانا مال فروخت کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے جو نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کا بلوچستان میں افتتاح کیا ہے دراصل وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت 2010 میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے شروع کیا تھا جس کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی نے ڈالی تھی اور پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت دوسروں کے کاموں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر گمراہ کن کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یا تو عمران نیازی کو اس کے اپنے وزرابیوقوف بنا رہے ہیں یا پھر وہ ملک وعوام کی فکر سوچ سے بالاتر ہوکر بس کرسی سے چمٹے رہنے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

پی پی پی رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے یوتھیوں،تبدیلی اور انصاف کے دعوے داروں کا تو جنازہ نکال دیا مگر ملک و قوم کے ساتھ انہیں کھیلنے نہیں دینگے اور 22کروڑ عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت کے بعد پاکستان کی سیاست میں باتیں اور کام کرنے والوں میں فرق واضح ہوگیا ہے کہ بڑی بڑی باتیں کرنے سے نہ تو ملک کا بھلا ہوسکتا ہے اور نہ ہی عوام کا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں