تجارتی مراکز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلیے فوری طور پر زمین فراہم کرنے کا مطالبہ

رقم دینے کیلیے تیار ہیں،سپراور نیشنل ہائی وے پر ڈھائی ہزار ایکڑ سے زائد زمین درکار ہوگی ، شرجیل گوپلانی

جمعرات 25 اپریل 2019 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) کراچی کے تاجروں نے تجارتی مراکز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت سے 2500 ایکڑ زمین فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا،اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر تجارتی علاقوں میں کاروبار ی مسائل میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے شہر کے مصروف ترین علاقوں میں کاروباری سر گرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوتا جارا ہے ،سندھ حکومت تاجروں کو زمین فراہم کرے ،تاجر برادری زمین کی ادائیگی کرنے کے تیار ہے۔

تاجر رہنمائوں کا ایڈیشنل کمشنر کے ساتھ اجلاس۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین شرجیل گوپلانی کی صدارت میں جن میں احمد شمسی، انصار بیگ قادری ،عاطف شیخ، چودھری ایوب ، زبیر علی خان اور دیگر تاجروں نے ایڈیشنل کمشنر احمد علی قریشی سے ملاقات کی اور انہیں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تاجروں نے کہا کہ کے ایم سی ،کے ڈی اے ،واٹر بورڈ سمیت تمام اداروں کا آپس میں تعاون اور ہم آہنگی ہونا ضروری ہے، جس کے لیے تمام اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں تاجر برادری کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔

تاجروں نے کہا کہ شہر کے اولڈ سٹی ایریا اور دیگر تجارتی مراکز میں آبادی میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ،جن میںٹریفک، پارکنگ ، صفائی اور تجاوزات کے مسائل شامل ہیں۔ اس موقع پر تاجروں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ، اسٹیل مارکیٹ ،جوڑیا بازار سمیت تمام مارکیٹوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے تاجر برادری سے مشاورت کی تھی لیکن وہ کام آگے نہیں بڑ ھ سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اولڈ سٹی ایریا اوردیگر تجارتی مراکز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے تاجر برادری کو سپرہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر زمین فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تجارتی مراکز کو منتقل کرنے کے لیے ڈھائی ہزار ایکڑ سے زائد زمین درکار ہوگی ،جس کے لیے تاجر برادری زمین کی رقم دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی شہری مسائل کی وجہ سے مصروف ترین علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہو ر ہا ہے ،دنیا بھر میں تمام کاروباری سرگرمیاں شہر سے باہر ہی منتقل کی جاتی ہیں ،ہمارے پاس بھی اس حوالے سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے کمشنر کراچی افتخار شلوانی کو درخواست جمع کرائی، جس میںمطالبہ کیا گیا کہ تجارتی مراکز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر زمین فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں