کراچی، صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی کا گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد سے زائد اضافے کی مذمت

Gحکومت اضافہ فوری واپس لے، مطالبہ

ہفتہ 18 مئی 2019 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد سے زائد اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، انہوں نے اس اضافے کو غریب عوام پرظلم قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔

اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پہلے ہی تشویشناک ہے اور حکومت کا بس نہیں چل رہا کہ سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے غیر اسلامی ممالک میں رمضان کے احترام میں اشیائ خرد و نوش کے نرخ آدھے کردیے جاتے ہیں جبکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں ہوشربا مہنگائی سے پہلے ہی غریب عوام تنگ آئے ہوئے ہیں اور کسمپرسی اور فاقہ کشی کی انتہائی کربناک زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔

ایسے حالات میں حکومت کی جانب سے گیس کی قمتیوں میں کئے جانیوالے اضافے سے ملک میں مزید کئی گنا مہنگائی بڑھ جائیگی جس کا اضافی بوجھ بھی براہ راست غریب عوام پر پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے انتظامی اصلاحات ناگزیر ہیں جس پر حکومت بالکل کام کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔ مضبوط ادارے مستحکم معیشت کی ضمانت ہیں لیکن جب سے موجودہ حکومت اقتدار میں آئی ہے کرپشن میں اضافہ اور ٹیکس وصولی کم ہو گئی ہے۔

حکومت کے غیر سنجیدہ، غیر متوقع اور نامناسب فیصلوں کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد معیشت پر بحال نہیں ہو پا رہا ہے۔ ملک میں موجود بد نظمی موجودہ معاشی بحران کی بنیادی وجہ ہے۔ پاک سرزمین پارٹی نے اس معاشی بحران سے نمٹنے اور ٹیکس وصولی بڑھا کر ملک کو قرضوں سے نجات دلا کر ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کا لائحہ عمل پیش کیا ہے جس کے علاوہ موجودہ بحران سے نمٹنے کا حکومت کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ بڑے شہروں کو انتظامی اور معاشی خودمختاری دے کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، واحد کراچی شہر سے آٹھ ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے کھلی دشمنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں