ضلع وسطی کو ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لارہے ہیں،ریحان ہاشمی

پیر 20 مئی 2019 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) ضلع وسطی کو ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لارہے ہیں ۔وسائل کی کمی کے باوجود سڑکوں کی استر کاری و پیوند کاری کیساتھ ساتھ ضلع وسطی کو روشن رکھنے کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے ساتھ ہی نئی لائٹیں بھی لگائی جارہی ہے بلدیہ وسطی میں ترقیاتی کام تسلسل کے ساتھ جاری ہیں،ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے یونین کونسل نمبر23 میں مدراس بیکری کے سامنے رات کے وقت کی جانے والی روڈ کارپیٹنگ کے کام کامعائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 22کے وائس چیئرمین مستفیض فاروقی، یونین کمیٹی نمبر 36 کے وائس چیئرمین شمشاد زیدی، چیئرمین سینی ٹیشن کمیٹی زین الحق ،سپرنٹنڈنگ انجینئر اقبال احمد،ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی ،موٹر وہیکل انسپکٹر ندیم حیدربھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ سڑکوں کی پیوند کاری اور استر کاری سے قبل واٹر اینڈ سیورئج کی لائنیں بچھائی گئی تھیں جو کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری تھی مگر ہم اپنے لوگوں کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ ریحان ہاشمی نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے باوجود اپنی عوام کو فراہمی آب اور نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلانے کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے واٹر انیڈ سیوریج کی لائنیں ڈالی گئیں اور اب سڑکوں کی تعمیر کے کام کروائے جارہے ہیں ۔

مذکورہ سڑک کی تعمیرسے اردگرد کی رہائشی آبادی اور تجارتی مراکز سے تعلق رکھنے والے افراد کو آمد و رفت میں بہت فائدہ پہنچے گا ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے اپنے عوام کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کا مکمل ارادہ کرلیاہے اور ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی بھی رکاوٹ سے نمٹنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے وہ اب ایسے دیگر کام بھی بلدیہ وسطی کے اخراجات پر مکمل کررہے ہیں کہ جو اصل میں دیگر اداروں کی ذمہ داری ہے ۔

حکومتِ سندھ نے کراچی کی شہری حکومت اور بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں خاصی کمی کردی ہے جس کی بنا پر ہر ضلع مالی پریشانی کاشکار ہے ۔جس میں بلدیہ ضلع وسطی سر فہرست ہے تاہم ریحان ہاشمی نے یہ طے کرلیا ہے کہ اب اپنے عوام کو کسی بھی پریشانی کا شکار نہیں ہونے دیں گے اور اپنے محدود وسائل کو پُر اثر منصوبہ بندی کے ذریعے ضلع کے ترقیاتی کاموں کے لئے استعمال کر رہے ہیں ۔ جس کے نتائج ظاہر ہونے لگے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں