بلدیہ عظمیٰ کراچی میں غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بجلی کے خرچ میںکمی لانے سے متعلق اہم فیصلے

منگل 21 مئی 2019 18:21

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے دفاتر اور افسران ودیگر عملے کی رہائش گاہوں پر بجلی کے خرچ میںکمی لانے اور بجلی کے بلوں کی مد میں بقایاجات کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے میئرکراچی وسیم اختر کی ہدایت پر فوری اہم اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت کے ایم سی یکم اپریل 2019ء سے اپنا ماہانہ بجلی کا بل بروقت اور براہ راست کے الیکٹرک کو ادا کررہی ہے جبکہ مالی بحران کے پیش نظرکے ایم سی کے رہائشی فیلٹس اور بنگلوں میں رہائش پذیر افسران و اہلکار بجلی کے بل کی خود ادائیگی کرنے کے ذمہ دار ہوں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے جملہ محکموں کے دفاتر میں بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کیلئے ائرکنڈیشنرز صبح گیارہ بجے سے قبل کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی اور دفتر چھوڑنے سے قبل بجلی سے چلنے والی تمام اشیاء سمیت لائٹس اور پنکھے وغیرہ بند کرنے کو یقینی بنایا جائے گا، تمام سربراہان محکمہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ ائرکنڈیشنرز صرف گریڈ 18اور زائد کے افسران کے دفاتر میں استعمال ہوسکیں گے اور مستقبل میں تمام روایتی لائٹس کو کم خرچ ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کر دیا جائے گا، تمام سربراہان محکمہ جات کو ذمہ دار بنایا گیا ہے کہ اپنے دفاتر کی حدود میںموجود کسی بھی قسم کے غیر قانونی بجلی کے کنکشن اور کنڈے کے خلاف فوری ایکشن لے کر اسے ختم کرائیں، آئندہ کے ایم سی کے تمام رہائشی فلیٹس اوربنگلوں میں رہائش پذیر افسران بجلی کے بل کی ادائیگی کے ذمہ دار ہوں گے، اس حوالے سے ہدایات کی پابندی تمام سربراہان محکمہ جات کے لئے لازمی ہوگی بصورت دیگر ان کے بجلی کے کنکشن ختم کر دیے جائیں گے، مذکورہ بالا اقدامات سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کئے گئے ہیں، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کراچی میں کے ایم سی پربجلی کے بلوں کی مد میں ’’کے الیکٹر ک‘‘ کی580 ملین روپے کی ادائیگی کے متعلق کیس کے سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے دو ججوں پر مشتمل بنچ نے اپنے مختصر فیصلے میں کے ایم سی سے کہا گیا تھا کہ وہ یکم اپریل 2019ء سے اپنا بجلی کا ماہانہ بل وقت پر براہ راست کے الیکٹر ک کو ادا کرے جس کی روشنی میں میئر کراچی وسیم اختر نے مشیر مالیات اور ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی کو سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عملدرآمد اوربجلی کے باکفایت استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی جس کے مطابق کے ایم سی دفاتر اور رہائشی مقامات پر غیر ضروری بجلی کے استعمال کو روکنے اور بجلی کے ماہانہ بل کی فوری ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں