اپوزیشن کی ملک وقوم کو بحران سے نکالنے کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،لیاقت بلوچ

ہم بلا تفریق تمام چوروں کو قانون کے شکنجے میں لاکر احتساب کا مطالبہ اور عید کے بعد مہنگائی اور ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے نجات کیلئے عوامی احتجاج کو منظم کریں گے،نائب امیر جماعت اسلامی

بدھ 22 مئی 2019 23:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ملک وقوم کو بحران سے نکالنے سمیت عوام دوست سرگرمیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں مگر جماعت اسلامی کسی دوسری جماعت کی تحریک کا حصہ نہیں بلکہ اپنے منشور اور پروگرام کے مطابق ظلم کیخلاف اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی،اپوزیشن کی افطار پارٹی سے بوکھلاہٹ کا شکار حکومت اپنا کردار اور اعمال درست کرے، ہم بلا تفریق تمام چوروں کو قانون کے شکنجے میں لاکر احتساب کا مطالبہ اور عید کے بعد مہنگائی اور ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے نجات کیلئے عوامی احتجاج کو منظم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیاسیل کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے صوبائی امیر کے ڈرائیور خادم حسین کھوسہ کے بڑے بھائی سائیں بخش کھوسہ کی وفات پر تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کی دعابھی کی۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امرائ حافظ نصراللہ عزیز، عظیم بلوچ،حلقہ کراچی کے نائب قیمین راشد قریشی،محمد یونس بارائی ،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور وزیرعلی جمالی بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو تحریک چلائے بغیر حکومت خود ہی اپنے عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے غیر مقبول ہورہی ہے اور پی ٹی آئی کی واحد حکومت ہے جو کہ دس ماہ کے مختصر عرصے میں ہی غیر مقبول اور عوامی اعتماد کھوتی ہوئی نظرآتی ہے۔جماعت اسلامی کا منشور اور پروگرام اور قیادت کی کارکردگی وکردار پوری قوم کے سامنے ہے اگرخدمت کا موقع دیا گیا تو عوام کے اعتماد پربھرپور پورا اتریں گے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں