شرک ناقابل معافی جرم ہے ،ماہ صیام گنہگاروں کے معافی کا مہینہ ہے، حافظ نصر اللہ عزیز

ماہ صیام تزکیہ نفس ،تزکیہ عقیدہ کا مہینہ ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارا حکمران ٹولہ اصلاح نفس ،اصلاح معاشرہ کی بجائے بگاڑ کی طرف جارہا ہے جس کا سبب قرآن وسنت کی رہنمائی کی بجائے یہود وہنود سے ڈکٹیشن لینا ہے، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ

جمعرات 23 مئی 2019 21:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ شرک ناقابل معافی جرم ہے ،ماہ صیام گنہگاروں کے معافی کا مہینہ ہے لیکن مشرک جب تک شرک سے تائب نہیں ہوگا اسکا کوئی عمل مقبول نہیں اور اسکے لئے معافی نہیں ہے، ماہ صیام تزکیہ نفس ،تزکیہ عقیدہ کا مہینہ ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارا حکمران ٹولہ اصلاح نفس ،اصلاح معاشرہ کی بجائے بگاڑ کی طرف جارہا ہے جس کا سبب قرآن وسنت کی رہنمائی کی بجائے یہود وہنود سے ڈکٹیشن لینا ہے،غیر اللہ سے رہنمائی لینا انکی ہدایات پر عمل کرنا بھی شرک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ کینٹ کے زیر اہتمام دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مقامی رہنماء ممریض خان، واصف حمید اور اعجاز جدون بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نصراللہ عزیز نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کیلئے روز اول سے کوشاں ہے، اسلام اللہ کا پاکیزہ نظام اور ہمارے تمام مسائل ومشکلات کا حل پیش کرتا ہے جبکہ انسانوں کا بنایا ہوا نظام انسان کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔

اس وقت پاکستان کو جن معاشی،اندرونی وبیرونی چلینجز کا سامنا ہے ان کی واحد وجہ بھی اللہ کے نظام سے بغاوت اور غیروں کی تہذیب،ثقافت اور نظام حکومت پر عمل کرنا ہے، انگریز کے دیئے ہوئے نظام نے کرپٹ،بددیانت اور صرف اپنے مفادات کی نگہبانی کرنے والے حکمران پیدا کئے جنہوں نے آج ملک وملت کو اس بدترین حالت میں پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، مدارس اور مساجد کیخلاف سازشیں کرنے والے ہمیں بتائیں کہ پانامہ لیکس کی فہرست میں کتنے مولویوں اور مساجدکے علماء کرام کا نام شامل ہے۔قوم اور حکمران آج بھی کلمے کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ کا نظام نافذ کریں تو تمام مسائل اور مشکلات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں