ضلع وسطی میں کیبل ٹی وی اور انٹر نیٹ سروس کے بے ہنگم لٹکتے تاروں کو بہتر حالت میں لانے کی کاوشیں شروع

جمعرات 23 مئی 2019 22:36

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے نارتھ ناظم آباد بلاک این کی شاہراہوں اور گلیوں میں موجود کیبل ٹی وی نیٹ ورک اور انٹر نیٹ سروس کی بے ہنگم تاروں کی موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے ترتیب کیبل ٹی وی نیٹ ورک اور انٹر نیٹ تاروں کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی خراب ہو رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں یوسی 22 اور 23 کی مین شاہراہوں اور گلیوں کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر محمد فہیم خان، یونین کمیٹی 22 کے وائس چیئرمین مستفیض فاروقی، ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن، نارتھ ناظم آباد زون غوث محی الدین اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریحان ہاشمی نے اپنی نگرانی میں بکھرے ہوئے تاروں کے بے ہنگم جال کو ختم کرایا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوئے یوسی 22 اور 23 کی درمیانی شاہراہ کو ماڈل شاہراہ بنارہے ہیں اور اس سلسلے میں میئر کراچی، کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے تعاون سے تمام لائنیں زیر زمین ڈالنے اور غیرقانونی روڈ کٹنگ کے خلاف کام کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے جہاں جہاں کیبل آپریٹرز اس کاوش میں آگے آئیں گے انہیں بلدیہ وسطی کی جانب سے خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی ہر اُس عمل کے خلاف کاروائی کرے گا جو عوامی پریشانی کے ساتھ ساتھ ضلع وسطی کی خوبصورتی کو ماند کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں