چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کا ضلع وسطی میں مسلسل ہونے والے ٹریفک حادثات پر اظہار تشویش

جمعہ 24 مئی 2019 18:43

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع وسطی میں مسلسل ہونے والے ٹریفک حادثات پر اظہار تشویش کیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے رونما ہونے والے ٹریفک حادثات میں متعدد شہری جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جان لیوا حادثات کی وجہ ہیوی وہیکلز کی شہر میں دن کے اوقات میں داخلہ ہے جو ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بنتے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے واضع حکم نامہ کے ذریعے صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی وہیکلز کا کراچی شہر میں داخلہ ممنوع قرار دیا ہے اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے لیکن ٹرانسپورٹ مافیا عدالتی احکامات کو نہ مانتے ہوئے دن کے اوقات میں شہر میں داخل ہورہے ہیں اور انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ ماہ رمضان کے مصروف ترین اوقات میں پورے شہر میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے جس کی ایک اہم وجہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ بھی ہے، بلدیہ وسطی عوامی سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اپنا کردار بھر پور انداز میں نبھا رہی ہے جبکہ بلدیہ وسطی کے محکمہ ریسکیو کے اہلکار رمضان میں مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کررہے ہیں تاکہ عوام بروقت اپنے گھر پہنچ کر افطار کرسکیں. چیئرمین بلدیہ وسطی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کے مالکان کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ عدالتی حکم کو مانتے ہوئے بالخصوص ماہ صیام کے مصروف اوقات میں شہر میں داخل نہ ہوں اوراُن کی سہولت کے لئے بنائے گئے ماری پورکے علاقے میں ٹرک اسٹینڈ سے براہ راست آنے جانے کے لئے ناردن بائی پاس کا روٹ استعمال کریں۔

انہوں نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومین کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں