محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ کا اتائیت کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

جمعہ 24 مئی 2019 22:02

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) محکمہ صحت سندھ اور ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ نے صوبے بھر میں اتائیت کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس بات کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر مسعود سولنگی اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر منہاج قدوائی کی مشترکہ زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر انسدادِ اتائیت ڈاکٹر ایاز مصطفی اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل صحت متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے مرتب کی گئی اتائیوں کی فہرست فراہم کریں گے اور اس فہرست میں ان ڈاکٹرز کے نام بھی شامل کئے جائیں گے جن کے ناموں کو استعمال کرتے ہوئے مذکورہ اتائی ڈاکٹر اپنے کلینک وغیرہ چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اتائی ڈاکٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے میں مکمل معاونت کریں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایک موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کروائی ہے جس کی مدد سے پاکستان میڈیکل ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سے کسی بھی ڈاکٹر کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کروائی جا سکے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں