موجودہ ابلیسی نظام نے انسان کی زندگی اجیرن کردی،نصراللہ عزیز

ہفتہ 25 مئی 2019 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ ہر فرد شیطان پر لعنت بھیجتا ہے لیکن شیطانی پروگرام کے ساتھ چلتا ہے،آج کے دور میں ابلیسی نظام نے انسان کی زندگی اجیرن کردی ہے،ہر طرف آہ وبکا اور انسانیت کی سسکیاں ہیں ،ایک انسان مظلومیت کی انتہا پر تو دسری طرف انسان کی ظالم ترین مخلوق بن گیا ہے یہ سب کچھ شیطان کے گائیڈ لائن پر عمل کرنے کا نتیجہ ہے، ابلیسی نظام سے نجات پانے کیلئے آج پھر عہد فاروقی اور بابرکت اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہوگا۔

رمضان کے ماہ مقدس میں بھی مسلمان ابلیسی کلچر،ابلیسی تہذیب اور ابلیس کے نظام سے جڑے ہوئے ہیں حالانکہ رمضان ابلیس کے طاغوتی نظام سے چھٹکارہ پانے کا مہینہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی کالونی میں دعوت افطار اور طارق بن زیاد سوسائٹی میں ختم القرآن کے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نصراللہ عزیز نے مزید کہا کہ 21ویں رمضان فتح مکہ کا دن ہے جب سرزمین عرب کے عوام کو ابلیس کے نظام سے نجات ملی،یہ دن امت مسلمہ کیلئے خوشی اور مسرت کا دن ہے،آج بھی فتح مبین حاصل کرنے کیلئے قرآن کو مضبوطی سے تھامنے اور اسکے بتائے ہوئے پروگرام پر عمل کرنا ہوگا، امت نے جب سے قرآن اور سنت کی تعلیمات سے روگردانی اور انحرافی کی ہے تب سے پوری دنیا میں مسلمان مظلومیت کا شکار اور کفر ان پر حاوی ہوچکا ہے، دن بدن مسلمان زوال کا شکار ہیں، مہنگائی، بیروزگاری، بے راہ روی اور معاشرے میں تیزی سے پھیلتا ہوا بگاڑ بھی ابلیس کے نظام پر چلنے کا نتیجہ ہے ،اب وقت آگیا ہے کہ ابلیس کے طاغوتی اور ظالمانہ نظام کی بجائے اللہ کے دیئے ہوئے بابرکت اسلامی نظام پر مکمل طور پر عمل کیا جائے کیوں کہ اس کے سوا کوئی راہ نجات نہیں ہے۔

اس موقع پر حبیب ناگوری،نوید ارسلان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں