کراچی، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 33گھنٹوں کے دوران بجلی کے مزید دو بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی تقریبا ایک گھنٹے مکمل بند رہنے سے شہر کو 92 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا

پیر 17 جون 2019 23:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) کراچی کو پانی فراہم کرنے والے واٹربورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 33گھنٹوں کے دوران بجلی کے مزید دو بریک ڈاؤن ہوئے، کراچی کو پانی کی فراہمی تقریبا ایک گھنٹے مکمل بند رہنے سے شہر کو 92 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا، اثرات پورے شہر پر مرتب ہوں گے، بریک ڈاؤن سے واٹربورڈ کی 72 انچ قطر کی لائن بھی پھٹ گئی جبکہ ایک والو بھی لیک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرپیر کی صبح 4:25پر بجلی کا پہلا بریک ڈاون ہوا جو صبح5 بجے تک جاری رہا، اس سبب پیدا ہونے والے پانی کے بیک پریشر سے واٹربورڈ کی کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی، ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد الللہ خان کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت شروع کردی جو شام 5 بجے مکمل کرلی گئی جبکہ صبح 7:05بجے دوبارہ بریک ڈاؤن سے ایک بار پھر پانی کی فراہمی بند ہوگئی جو 7:25بجے بجلی کی بحالی تک جاری رہی واٹربورڈ نے بجلی بحال ہونے کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات شروع کردیے، تقریبا صبح 9 بجے دھابیجی کے تمام پمپس کے زریعہ پانی فراہمی ممکن ہوئی اس دوران شہر کو 92 ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا،پانی کی کمی کے اثرات پورے شہر پر کم از کم دو روز تک مرتب ہوں گے تاہم واٹربورڈ اس ضمن میں تمام وسائل اور فنی صلاحتیں بروئے کار لارہاہے، ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 33 گھنٹوں کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن ہر بجلی کی3بڑے بریک ڈاون کے باعث واٹربورڈ کو پانی کی قلت کا سامنا ہے ،پانی احتیاط اور کفایت سے استعمال کریں اور واٹربورڈ سے تعاون کیا جائے۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں