صوبائی بجٹ میں کراچی کی معاشی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا۔ دانش خان

پانی کی قلت کے خاتمے اور صنعتی انفرااسٹرکچر سے متعلق واضح لائحہ عمل نہیں دیا گیا، ایس تھری اور کے فور میں تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ صدر کاٹی

منگل 18 جون 2019 18:56

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے کہا ہے کہ سندھ کے صوبائی بجٹ میں کراچی کے لیے مختص کی گئی رقم شہر کی معاشی اہمیت سے مطابقت نہیں رکھتی، صنعتی انفرااسٹرکچر اور شہر میں پانی کی قلت کے خاتمے سے متعلق واضح حکمت عملی نہیں دی گئی۔

منگل کو جاری کردہ بیان میں صدر دانش خان نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر اوسطاً سالانہ دس ارب روپے صرف کیے گئے ہیں جو کہ شہر کی معاشی اہمیت، آبادی اور ترقیاتی ضرورریات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم صنعتیں ملکی برآمدات کی 56 فیصد سے زائد پیداوار کرتی ہیں اور مجموعی ریونیو میں کراچی کا حصہ نصف سے زائد ہے، ان حقائق کو مدنظر رکھا جائے تو وفاقی و صوبائی سطح پر میگا سٹی کو مطلوبہ اہمیت نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ترقیاتی کاموں میں دل چسپی کا اظہار کیا اور صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بہتری پر بھی توجہ دی، صنعتکاروں نے ان کی کارکردگی کو ہمیشہ سراہا ہے، تاہم مجوزہ بجٹ میں ملک کے سب سے بڑے شہر کو ترجیحات میں اس کا درست مقام حاصل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ شہر ایس تھری، کے فور اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبوں میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، صوبہ اور وفاق مل کر عوام کی بہتری اور معیشت کے استحکام کے لیے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے لائحہ عمل طے کرے۔

دانش خان نے مزید کہا کہ شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق بھی صوبائی حکومت کی پالیسی میں ابہام پایا جاتا ہے اور بجٹ میں بھی اس حوالے سے اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت کے بوجھ تلے دبے ہوئے صنعتی شعبے کے ریلیف کے لیے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ دانش خان نے مزید کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹیشن کے لیے جاری منصوبوں کی تکمیل نا گزیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے ’’ملیر ایکسپریس وے‘‘ منصوبے اور شہر کی مختلف شاہراہوں کی تزئین کے لیے اعلانات کو بھی سراہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں