امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق ویجیٹیبل ویلفیئر فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

وفد نے سبزی منڈی کے مسائل کے حوالے سے آگا ہ کیا

بدھ 19 جون 2019 23:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں کراچی ویجیٹیبل ویلفیئر فیڈریشن کے وفد نے چیئرمین محمد حاجی عظیم خان کی قیادت میں ملاقات کی اورنیو سبزی منڈی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں صدر سبزی منڈی حاجی صالح محمد، نائب صدر حاجی وحید،چیئرمین مجلس عاملہ شہاب الدین، سکریٹری نشرواشاعت راجا شبیر و دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی سکریٹریز کراچی حافظ عبد الواحد شیخ اور یونس بارائی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی شمالی محمد یوسف اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو سبزی منڈی کے مسائل کے حوالے سے بتایا کہ مختلف بااثر لوگوں کی مسلسل مداخلت کی وجہ سے سبزی منڈی مسائل کی آماجگاہ بن گئی ہے، سبزی منڈی میں کاروبار کرنے والوں کو مختلف طریقوں سے خوف زدہ کیا جاتا ہے تاکہ کوئی حق کی آواز بلند نہ کرسکے،اگرکوئی شخص مسائل کے حل کی بات کرتا ہے تو اس کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کاٹ دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین مارکیٹ کمیٹی علی احمد جوکھیو قبضہ مافیا کی سرپرستی کررہا ہے،سبزی منڈی میں پولیس کی سرپرستی میں مارکیٹ کمیٹی تاجروں کی دکانوں پر قبضہ کروارہی ہے۔وفد نے مزید بتایا کہ 19سال کا عرصہ گزرچکا ہے اس کے باوجود مارکیٹ میں نہ بجلی ہے نہ پانی اور نہ ہی گیس میسر ہے اور صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مارکیٹ کی حالت انتہائی خراب ہے،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہیں۔

ہم بڑی توقعات لے کر آئے ہیں کہ آپ ہمارے دیرینہ مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہچانے اور حل کروانے کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیااور وفد سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی مسائل کے حل کے لیے شانہ بشانہ رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی منڈی کے مسائل کے حل کے لیے تاجروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور ایسے کرپٹ عناصر جو حکومت میں رہتے ہوئے عوام کے حق میں ڈاکا ڈال رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں