چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت محکمہ کلچر کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

صوبے کے 504 مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کی سفارشات منظوری

پیر 24 جون 2019 20:27

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ کلچر کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے سمیت اہم ایجنڈے پیش کئے گئے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری ثقافت ڈاکٹر وسیم شمشاد علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں ایڈوائزری کمیٹی نے کلچرل ہیریٹیج کے حوالے سے دوبارہ سروے کرنے کے احکامات دیئے تھے جس کے بعد صوبے کے 603 مقامات کا مختلف اضلاع میں سروے کیا گیا۔

اجلاس میں ثقافت کی ایڈوائزری کمیٹی نے سروے کے بعد 504 مقامات کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کی سفارشات منظور کر لی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا جن میں شکار پور کی 248، خیرپور 9، سانگھڑ 15، جامشورو 17، کراچی ویسٹ 37، ملیر 37 اور لاڑکانہ کی 8 عمارتیں اور مقامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ فارن افیئرز کے افسران نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو 5 اسٹار ہوٹل بنانے کی درخواست پیش کی جس پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے محکمہ ثقافت کی ٹیکنیکل کمیٹی کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کا دورہ کر کے سفارشات تیار کرنے کے احکامات دیئے۔

اجلاس میں ایڈوائزری کمیٹی نے خالق ڈنہ ہال کے ایم سی سمیت دیگر عمارات کی بحالی کی منظوری دی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ڈائریکٹر جنرل اینٹیکوٹیز کلیم اللہ لاشاری کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عمارتوں کی مرمت کے دوران ان کی تاریخی اور ثقافتی حیثیت کو برقرار رکھا جائے۔ اجلاس میں پارسی کالونی کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کی گئی جس کے بعد پارسی کالونی کو تاریخی رہائشی کالونی قرار دیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے ٹیکنیکل کمیٹی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے سر کائوسجی جہانگیر انسٹیٹیوٹ آف سائکاٹری کے مختلف عمارتوں کا جائزہ لیا جائے اور ان قدیم عمارتوں کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کے لئے سفارشات پیش کی جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری ثقافت، ڈائریکٹر جنرل اینٹیکوٹیز، ڈائریکٹر جنرل ثقافت، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران سمیت ایڈوائزری کمیٹی کے ارکان عارف حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں