کنور نوید جمیل کا ریحان ہاشمی کے ہمراہ ضلع وسطی کا دورہ ، 10 روزہ صفائی مہم کا جائزہ،شجر کاری مہم کا افتتاح کیا

پیر 15 جولائی 2019 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینیئر کنور نوید جمیل کا چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ ۔ضلع وسطی میں جاری 10 روزہ صفائی مہم کا جائزہ ،فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل چورنگی پر پودا لگا یا جبکہ یونین کمیٹی 18 نارتھ ناظم آباد الفلاح میں عوام کو بلدیاتی سہولیات بہم پہنچانے کے حوالے سے قائم کیمپ کا دورہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے اہلیان ضلع وسطی کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کے حوالے سے گزشتہ روز10 روزہ صفائی مہم کاآغاز کرچکے ہیں ۔چیئرمین ریحان ہاشمی بنفس نفیس اس صفائی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور وقتا فوقتابلدیہ وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عملے کی کارکردگی کو مانیٹر کر رہے ہیں اور موقع پر افسران کو ہدایت دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں آج ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل نے اراکین رابطہ کمیٹی زاہد منصوری ،ارشاد ظفیرکے ہمراہ صفائی مہم کا جائزہ لینے کے حوالے سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورصفائی مہم کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حق پرست قیادت وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو تمام تر بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے پُر عزم ہیںمزکورہ صفائی مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ حق پرست قیادت اپنی عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اپنے شہر کو صاف و شفاف بنانے کے لئے شب و روز کوشاں ہے۔

اس موقع پرکنور نوید جمیل اور اراکین رابطہ کمیٹی نے فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل چورنگی پر پودا لگاکر ضلع وسطی میں شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔جبکہ یونین کمیٹی 18 نارتھ ناظم آباد الفلاح میں عوام کو بلدیاتی سہولیات بہم پہنچانے کے حوالے سے قائم کیمپ کا دورہ کیا ،اور کیمپ پر موجود منتخب بلدیاتی نمائندوں سے تفصیلات حاصل کیں ۔ اس موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی ،سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی ٹیکسیشن مستفیض فاروقی ،چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی (ورکس ) جمشید قائمخانی ،چیئرمین فنانس کمیٹی صابر علی شیخ ،چیئرمین سینی ٹیشن کمیٹی زین الحق و دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں