کراچی ،پولیس اہلکاروں نے رائفل کے بٹ مارمارکر بزرگ شہری قتل کردیا

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) تھانہ سائٹ سپرہائی وے کی حدوداللہ بخش گوٹھ احسن آباد میں پولیس نے رائفل کے بٹ مارمارکر بزرگ شہری کو ہلاک کردیا،تفصیلات کے مطابق اللہ بخش گوٹھ میں پان چھالیہ کا پتھارا لگانے والے معمر شخص جان محمدبھٹی سے تھانہ سائٹ سپرہائی وے کے اہلکاروں نے بھتہ نہ دینے پر رائفل کے بٹ سے مارناشروع کردیاجس سے معمر شخص شدید زخمی ہوگیا،جبکہ علاقہ مکینوں کے جمع ہونے پر پولیس موبائل میں بیٹھ کر فرارہوگئے۔

علاقہ مکینوں نے جان محمدبھٹی کو طبی امدادکے لئے فوری اسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑگیا۔جس پر علاقہ مکین بپھر گئے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس کے بعد دکانداروں نے بھی رضاکارانہ طورپر دکانیں بندکرکے پولیس گردی کے خلاف احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راجپوت رہنماراناصابر حبیب نے کہاکہ کراچی میں پولیس گردی حدسے زیادہ بڑھ گئی ہے،لوگ ڈاکوئوں سے اتنانہیں ڈرتے جتناپولیس سے ڈرتے ہیں، دوسری جانب جرائم کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوچکاہے، جگہ جگہ چوری ڈکیتی اور چھیناجھپٹی کی وارداتیںعام ہوچکی ہیں جبکہ پولیس کا کام صرف اتنارہ گیاہے کہ جگہ جگہ ناکے لگاکر عام موٹرسائیکل سواروں کو روک کر ان سے زبردستی بیس سے پچاس روپے وصول کئے جائیں ،جبکہ کوئی ٹھیلا،کوئی پتھارا اور کوئی ہوٹل ان سے بچاہوانہیں ہے جہاں جاکر مفت سبزی،فروٹ ،چائے اور کھاناطلب کیاجاتاہے۔

انہوں نے پولیس حکام سے اس واقعے کا فوری نوٹس لینے اورذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کاکام عوام کی حفاظت کرناہے لیکن یہاں الٹانظام ہے پولیس خود عوام کو جان سے ماررہی ہے ،زبردستی بھتہ لینے کے واقعات میں اضافہ پولیس کے کردارپر سوالیہ نشان ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں