سائٹ ایسوسی ایشن نے شناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت کا فارمولا پیش کردیا

ان پٹ ٹیکس کومرحلے وار3،5اور7.5فیصدشناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت کی حد تک کیا جائے،سعود محمود

پیر 22 جولائی 2019 14:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے اِن پٹ ٹیکس ایڈجسٹ نہ کرنے اور شناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت پر فوری پابندی عائدکیے جانے کو انتہائی اقدام قرار دیتے ہوئے اس شرط کے مرحلے وار نفاذ کا فارمولا پیش کردیا۔سائٹ کی ٹیکسیشن و ٹریڈ پالیسی سب کمیٹی کے چیئرمین سعود محمودنے تجویز میں کہا ہے کہ یکدم 17فیصداِن پٹ ٹیکس ایڈجسٹ نہ کرنا انتہائی شدید اقدام ہے بلکہ مال کی فروخت پر مرحلے وار کچھ فیصد ٹیکس عائد کردیا جائے جس سے بتدریج بہتری آئے گی۔

سعود محمود نے اس حوالے سے تاجربرادری کو کچھ وقت دینے پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ 30ستمبر2019تک ان پٹ ٹیکس کو3فیصدشناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت کی حد تک کیا جائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح31دسمبر2019تک اِن پٹ ٹیکس کو5 فیصد اور 30جون2020تک 7.5 فیصد شناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت کی حد تک کرنے سے اِن پٹ ٹیکس کے بتدریج نفاذ سے لین دین کا عمل سہل طریقے سے سرانجام دیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہاکہ سائٹ ایسوسی ایشن دستاویزی معیشت پر یقین رکھتی ہے کیونکہ جب کوئی شہری موبائل سم خریدتے وقت شناختی کارڈ جمع کرواسکتا ہے تو 50ہزار مالیت سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ دینے میں کوئی تحفظات نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایف بی آر کو مزاحمت کا سامنا کرنے کی وجہ شناختی کارڈ کی شرط کا فوری نفاذ ہے۔شناختی کارڈ کے بغیر مال کی فروخت پر جرمانوں پر بتدریج عمل درآمد یقینی طور پر پورے طریقہ کار کو قابل اطمینان بنائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں