منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں،ریحان ہاشمی

عوامی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ ضروری ہے، چیئرمین بلدیہ وسطیٰ

ہفتہ 17 اگست 2019 21:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی پریشانیوں کا باخوبی ادراک ہے اسی لئے عوام کے درمیان ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف ملے ۔

عیدالضحیٰ آپریشن کے بعد کچرے کو ٹھکانے لگانا اس وقت بڑا ٹاسک بن چکا ہے جو جام چاکرو میںسڑک اور ڈمپر کی دستیابی سے منسلک ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ اداروں کے درمیان رابط پیدا کئے جائیں کیونکہ اداروں کے درمیان موثر و یگانہ حکمت عملی اختیار کئے بغیر کچرے کو اُٹھانا اور ٹھکانے لگانا نا ممکن ہے ۔چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،کچھ سیاسی یتیم و سیاسی لاوارث ،نو واردیے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کررہے ہیں جنھیں ماضی کی طرح اب بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،عوام اُن کے بارے میں جانتے ہیں اُن کی شعبدہ بازیاں اور عوام میں تفرقہ پھیلانے کی کوششیں ناکام ہوجائیں گی ۔

(جاری ہے)

عید الضحیٰ کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ بلدیہ وسطی میں ہر سال عید الضحیٰ کے موقع پر مسلسل پانچ روز تک سنتِ ابراھیمی کی ادائیگی ہوتی ہے ،ضلع وسطی میں نو ذی الحج کو بوہری برادری ،عید کے تین روز اہل سنت و دیگر مسالک جبکہ پانچویں روز اہل حدیث کے افراد قربانی کرتے ہیں ،گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال عید الضحیٰ کے دوران بھاری بارش کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا لیکن ہماری بہتر حکمت عملی کی وجہ سے ضلع وسطی میں عید الضحیٰ آپریشن کا کام 95 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے اور بقیہ پانچ فیصد کام آج رات مکمل کرلیا جائے گا۔

چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ عید الضحیٰ آپریشن کے بعد کچرا ٹھکانے لگانا بڑا ٹاسک ہے اور اس سلسلے میں کام کو تیز اور موثر بنانے کے لئے پچاس ڈمپر مزید منگوالئے گئے ہیں اور کوشش ہے کہ جلد سے جلد تمام علاقوں کو کچرے سے کلیئر کردیا جائے ۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں زیادہ شکایات سیوریج سے متعلق ہیں جو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے مگر بلدیہ وسطی اس معاملے کو بہتر کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں