منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔ریحان ہاشمی

ہفتہ 17 اگست 2019 22:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی پریشانیوں کا باخوبی ادراک ہے اسی لئے عوام کے درمیان ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف ملے۔

عیدالاضحیٰ آپریشن کے بعد کچرے کو ٹھکانے لگانا اس وقت بڑا ٹاسک بن چکا ہے جو جام چاکرو میںسڑک اور ڈمپر کی دستیابی سے منسلک ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اداروں کے درمیان رابط پیدا کئے جائیں کیونکہ اداروں کے درمیان موثر و یگانہ حکمت عملی اختیار کئے بغیر کچرے کو اُٹھانا اور ٹھکانے لگانا نا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

عید الاضحیٰ کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ بلدیہ وسطی میں ہر سال عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلسل پانچ روز تک سنتِ ابراھیمی کی ادائیگی ہوتی ہے، ضلع وسطی میں نو ذی الحج کو بوہری برادری، عید کے تین روز اہل سنت و دیگر مسالک جبکہ پانچویں روز اہل حدیث کے افراد قربانی کرتے ہیں ،گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال عید الاضحیٰ کے دوران بھاری بارش کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا لیکن ہماری بہتر حکمت عملی کی وجہ سے ضلع وسطی میں عید الاضحیٰ آپریشن کا کام 95 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے اور بقیہ پانچ فیصد کام آج رات مکمل کرلیا جائے گا۔

چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ عید الاضحیٰ آپریشن کے بعد کچرا ٹھکانے لگانا بڑا ٹاسک ہے اور اس سلسلے میں کام کو تیز اور موثر بنانے کے لئے پچاس ڈمپر مزید منگوالئے گئے ہیں اور کوشش ہے کہ جلد سے جلد تمام علاقوں کو کچرے سے کلیئر کردیا جائے ۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں زیادہ شکایات سیوریج سے متعلق ہیں جو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے مگر بلدیہ وسطی اس معاملے کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں