جانی نقصان سے بہتر ہے کہ میں بجلی نہ ہونے پر گالیاں کھالوں، چیئرمین کے الیکٹرک

یقینی بنائیں کہ انٹرنیٹ کیبل بجلی کی کھمبوں میں نہ لگے ہوں، انٹرنیٹ کیبل کا لگنا مکمل طور پر غیر قانونی ہے،اکرام سہگل

پیر 19 اگست 2019 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) چیئرمین کے الیکٹرک اکرام سہگل نے کہا ہے کہ کہ کراچی میں پیش آنے والے واقعہ کی ذمہ داری ادارہ قبول کرتاہے تاہم یہ صرف کے الیکٹرک کا قصور نہیں، غیرقانونی کنڈے اور کیبل آپریٹرز بھی ذمہ دارہیں۔چیئرمین کے الیکٹرک نے کہا کہ انٹرنیٹ کیبل والوں کوکیوں کھلی چھٹی دی گئی ہے، یقینی بنائیں کہ انٹرنیٹ کیبل بجلی کی کھمبوں میں نہ لگے ہوں، انٹرنیٹ کیبل کا لگنا مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔

اکرام سہگل نے کہا بارش کے دوران ہماراعملہ بغیرچھٹی کے 72گھنٹے تک کام کرتارہا، اسے بھی سراہنا چاہیے، جہاں جہاں ہماری غلطی انکوائری میں ثابت ہوئی اسے دور کریں گے ، ہمیں دشواری ہے لیکن ہماری جو ذمہ داری ہے وہ لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کچرا جمع ہونے کا مسئلہ حل نہیں کیا جاسکا، کچرا جمع ہونے پر ہمارے تحفظات ہیں، کراچی میں سیلابی صورتحال کے لئے کوئی نالہ نہیں بنایاگیا، کچرے کی صورت حال سب کیسامنے ہے، صفائی مہم کے لیے ہم نے 2کروڑ روپے دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اکرام سہگل نے کہا کچرا، پانی جمع ہوتو بجلی بحال رکھنے پر کرنٹ لگنے کا خدشہ ہوتاہے، جانوں کوخطرے سے بہتر ہے کہ میں بجلی نہ ہونے پرگالیاں کھالوں ، جانی نقصان سے بہتر ہے کہ میں بجلی نہ ہونے پر گالیاں کھالوں۔چیئرمین کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ صفائی مہم کسی ایک کی نہیں وزیراعلی سندھ اورسب کی ہے، ایمرجنسی صورتحال میں علی زیدی نے پہل کی وہ قابل ستائش ہیں، صفائی کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو بھی داد دیتاہوں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں