کاٹی کی جانب سے آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کا خیر مقدم اور مبارک باد

جنرل باجوہ نے ملکی دفاع کو مستحکم کرنے کے لیے غیرمعمولی خدمات انجام دیں، فیصلہ عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے، ایس ایم منیر ، دانش خان

پیر 19 اگست 2019 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن،نائب صدر ماہین سلمان اور مجلس عاملہ کے اراکین نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے عہدے میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کے لیے قابل تحسین اقدام قرار دیا ہے۔

کاٹی کی جانب سے آرمی چیف کو عہدے کی مدت میں توسیع پر مبارک باد بھی پیش کی گئی۔ سرپرست اعلیٰ کاٹی ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی دفاع کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر آرمی چیف کو عہدے میں توسیع کا فیصلہ قابل تحسین اقدام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا یہ فیصلہ عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملکی سلامتی کو درپیش داخلی اور بیرونی خطرات سے نبردآزما ہونے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، حالیہ دنوں میں بھارت کے جارحانہ عزائم کو منہ توڑ جواب دیا اور موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر ان کا منصب پر فائز رہنا قومی مفاد کے لیے ضروری ہوچکا تھا۔

صدر کاٹی دانش خان نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپہ سالاری میں ملک و قوم کا دفاع مزید مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے داخلی امن کو یقینی بنا کر ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے غیر معمولی کردار ادا کیا۔ صدر کاٹی دانش خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف کے عہدے پر جنرل قمر باجوہ کو توسیع دے کر پاکستانی عوام اور بالخصوص بزنس کمیونٹی کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ملکی دفاع کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان مزید مستحکم ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں