نیشنل پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ڈکٹرعبدالمالک بلوچ

پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک سال میں جتنی بیڈ گورنس کا مظاہرہ کیا ہے ملک کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،صدر نیشنل پارٹی

پیر 19 اگست 2019 22:21

کراچی+کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) نیشنل پارٹی کا اجلاس مرکزی صدرڈکٹرعبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کے سیکرٹیری جنرل جان محمد بلیدی اور مرکزی رہنما سینیٹر میر حاصل بزنجو نے خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر بحث کی گئی مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا اس وقت ملک کی سیاسی صورتحال بحرانی کیفیت کا شکار ہے ملک میں بے پناہ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے لیکن موجودہ حکمران اس بدترین صورتحال میں بھی سب اچھا ہے کے نعرے لگا کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔

ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا،پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک سال میں جتنی بیڈ گورنس کا مظاہرہ کیا ہے ملک کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا ملک کو موجودہ صورتحال سے منظم ، عوام دوست اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتیں ہی نجات دلا سکتی ہیں اور ایسے میں نیشنل پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیشنل پارٹی کو ہر سطح پر منظم کریں ، عوامی مسائل کو اجاگر کریں اوران کے حل کے لیے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں۔

(جاری ہے)

نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا موجودہ حالات کے پیش نظر حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کو اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی آواز بننا ہے اور ملک کے اندر حقیقی معنیوں میں جمہوری اور عوام دوست حکومت لانے کی جدوجہدکرنی ہوگی۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت جمہوریت اور احتساب کے نام پر جس طرح کی انتقامی کاروائیاں کررہی ہے اس کا ایک دن خود انہیں بھی خمیازہ بھگتنا پڑے گا کیونکہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا نیشنل پارٹی کو اپنے اس کردار پر ہمیشہ فخر رہا ہے کہ ہم ہر اچھے برے وقت میں پارلیمنٹ کی بالادستی ، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کے بیانیے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ہماری جماعت نے 25جولائی کو ملک میں منائے جانے والے یوم سیاہ کو کامیاب بنانے کے لیے نمایا کردار ادا کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں