علمائے کرام کا جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آزادی کشمیر مار چ کی حمایت کا اعلان

جمعرات 22 اگست 2019 22:37

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بھارت کی جانب سے 370 اور 35A کے قانون کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کے خلاف اور مظلوم کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اتوار یکم ستمبر 3 بجے دن شاہراہ فیصل پر آزادی کشمیر مارچ کے سلسلے میں رئیس الجامعہ دارالعلوم کورنگی مفتی رفیع عثمانی، دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم و رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن اور جامعہ ستاریہ کے مہتمم مولانا محمد سلفی سے ان کے مدارس میں ملاقات کی اور انہیں مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

جاری بیان کے مطابق علمائے کرام نے آزادی کشمیر مارچ کو وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا برجیس احمد، مسلم پرویز، جمعیت اتحادالعلما کے مولانا عبد الوحید، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کیے جا رہے ہیں،کلسٹر بموں سے حملہ کیا جا رہا ہے، مواصلاتی نظام بند ہے اور مسلسل کرفیو کی وجہ سے کشمیری یرغمال بنے ہوئے ہیں،آر ایس ایس کے غنڈوں کو کشمیریوں پر مظالم کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

کراچی کے عوام آزادی کشمیر مارچ میں شریک ہوکر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں، علمائے کرام جمعہ کے خطبے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کریں۔ مفتی رفیع عثمانی نے کہا اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق دیا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں لیکن بھارت نے اقوام متحدہ کی قرارداروں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ میں علماء اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مارچ میں بڑے پیمانے پر شریک ہوں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں۔

مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں تین ہفتے سے مسلسل کرفیو لگا کر ان کی زندگی مفلوج کردی ہے،اس جبر کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، کشمیر نا صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، عالمی عدالت نے کشمیر کا پر امن حل نہ نکالاتوشدت پسندی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امت مسلمہ، او آئی سی اور سعودی عرب، عرب امارات اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں، عالم اسلام اور عالمی طاقتوں کو بھی کشمیر کے لئے مسئلہ حل کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں