صوبہ کو سر سبز بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں ، مرتضی وہاب

حکومت نے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کو ختم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے ،مشیر ماحولیات سندھ

جمعہ 23 اگست 2019 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر ماحولیات و قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مائی کولاچی روڈ شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ سندھ حکومت نے مائی کولاچی روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر پودے لگانے کا آغاز کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت کم دیکھا گیا ہے کہ شہریوں نے حکومتی اقدامات کا اس طرح بھرپور طریقہ سے ساتھ دیا ہو ۔ انہوں نے کراچی کی بوہری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بوہری کمیونٹی نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ حکومت نے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کو ختم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے اور یکم اکتوبر سے سندھ بھر میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی کیونکہ یہ ہمارے ماحول کو بری طرح نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت جلد دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مہم کا آغاز کیا جائے گا کیونکہ یہ گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا سبب بن رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے اس کو صاف ستھرا بنانے میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ہمیں مل جل کر کام کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سابق میئر مصطفی کمال سے کسی طرح کا گٹھ جوڑ نہیں ہے ۔ مصطفی کمال اور وسیم اختر کا تنازعہ آپس کا معاملہ ہے پیپلز پارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں پر یقین نہیں رکھتی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں