عاشورہٴ محرم مکمل دینی بھائی چارے اور اسلامی اقدار کے مطابق منایا جائی:ریحان ہاشمی

تمام علمأ اپنی تقاریر میں مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کو فروغ دیں

ہفتہ 24 اگست 2019 23:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی زیر صدارت گلبرگ زون میں محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر ارشد حسن، ڈپٹی کمشنر سینٹرل فرحان غنی ،میونسپل کمشنر محمد فہیم خان ،ایس ایس پی سینٹرل ،رینجرز ،پولیس ،واٹر بورڈ کے افسران ، امام بارگاہوںکی انتظامیہ اور جلوس کمیٹی کے عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجلاس میں چیئر مین ریحان ہاشمی نے امام بارگاہوں کی انتظامیہ اور جلوس کمیٹیوں کے عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کے بلدیہ وسطی کی انتظامیہ محرم الحرام میں عزاداران حسین کو اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرے گی، اجلاس کا مقصد، انتظامیہ امام بارگاہ اور مجالس و جلوس کمیٹی کے عہدیداران کی مشاورت سے عزاداران حسین کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا ہے ، اس سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈی سی آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے جہاں عوامی خدمت کے ادارے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ون ونڈو آپریشن کے زریعے محرام الحرام میں عزاداران حسین کو عزاداری کے حوالے سے سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔واضع رہے کہ ریحان ہاشمی پہلے ہی بلدیہ وسطی کے متعلقہ افسران کو محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں فول پروف انتظامات کرنے کے احکامات جاری کرچکے ہیں۔انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور دیگر دینی اجتماعات کے مقامات کے اِرد گردا ور ان کو جانے والے راستوں پر گڑھوں کی بھرائی ، سڑکوں کی پیوند کاری اور روشنی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ خصوصی صفائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کو کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی علاقے سے کوڑاکرکٹ جمع ہونے کی شکایت موصول نہ ہونے پائے وگرنہ کوتاہی برتنے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی کی جانب سے جلوس کے راستے کو نہ صرف صاف ستھرا رکھا جائے گا بلکہ اس کے راستے میں جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی تاکہ عزادارانِ حسین کو پیاس اور گرمی کی شدت سے بچایا جاسکے ۔تاہم ریحان ہاشمی نے عالمِ اسلام اور شہر کی موجودہ صورتِ حال کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے جلوس انتظامیہ کو خبردار کیا کہ شرپسند عناصر کی کسی بھی ممکنہ شرپسندی سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ کچھ افراد کی خصوصی ڈیوٹی لگائی جائے کہ وہ مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور ذرابھی گڑبڑ کے آثار نظر آئیں تو پولیس و رینجرز کو فوری خبر کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں