اسپرے مہم شروع کردی گئی ہے، ہر ضلع میں روزانہ 40 گاڑیاں اسپرے کریں گی، میئر کراچی

اتوار 25 اگست 2019 00:09

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فوری طور پر اسپرے مہم شروع کر دی گئی ہے روزانہ ہر ضلع میں40 گاڑیاں مسلسل مچھروں اور مکھیوں کے خاتمے سمیت جراثیم کش اسپرے کر یں گی۔ ادویات کو خریدا گیا ہے اور کچھ مخیر حضرات نے بھی عطیہ کیا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر مزید ادویات خریدی جائیں گی، ڈی ایم سی اور بحریہ ٹان نے صفائی کی جو مشترکہ مہم شروع کی ہے اس کے تنائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

بحریہ ٹان نے چار دن میں ساڑھے 7ہزار ٹن کچرا اٹھایا ہے، میرے پاس وقت نہیں کہ میں فضول بحث میں پڑوں جو لوگ میرے خلاف چاکنگ کر رہے ہیں ان کو کہتا ہوں کہ آئیں مل کر شہر کے مسائل حل کریں، وزیر اعلی سندھ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورنگی ڈسٹرکٹ کے ملیر زون میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ اور اسپرے مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی چیئرمین نیئر رضا اور دیگر منتخب ممبران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں مکھیوں اور مچھروں میں بارشوں کے بعد اضافہ ہوا ہے، ان کے خاتمے کے لئے اسپرے مہم شروع کر دی ہے جو ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی روزانہ ایک ڈسٹرکٹ میں40 گاڑیاں مسلسل اسپرے کریں گی، اس کا آغاز آج ملیر سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو صفائی مہم شروع کی ہے اس کے نتائج اچھے آ رہے ہیں۔

علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ کچرے کے مسئلہ پر تو قابو پایا جا سکتا ہے مگر سیوریج مکمل طور پر تباہ ہو چکا اس کو ترجیح بنیادوں پر صحیح ہونا ہے۔ وزیر اعلی سندھ سے ملاقات میں ان مسائل کو اٹھایا۔ انہوں نے اس پر سنجیدگی ظاہر کی ہے امید ہے اب مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کراچی تباہ ہو گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے سنجیدگی سے مسائل سنے بھی اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے تسلیم کیا ہے کہ کے ایم سی ڈی ایم سی کے مسائل حل کریں گے۔ میں نے وزیر اعلی سے کہا کہ جو رقم سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو دی جاتی ہے وہ ڈی ایم سی کو دیں۔کچرا شہر سے اٹھ جائے گا۔

ان اداروں نے پہلے بھی کام کیا اس شہر کو صاف کرتے رہے اب بھی کر سکتے ہیں ان کے پاس انفراسٹرکچر موجود ہے سر پرستی کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی ادارے کام کر رہے ہیں اوروزیر اعلی بھی دلچسپی لے رہے ہیں یقین ہے کہ بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ میرے پاس ہوتا تو میں اسی چوک پر کھڑا ہوتا جہاں سیوریج بہہ رہا ہے محکمہ میرے پاس نہیں جو میں مسئلہ حل کروں۔

دریں اثنا شاہ عبداللہ غازی کے مزار پر چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرتے ہوئے مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمی نے اپنی ذمہ داری پوری کی اس سال عرس کے انتظامات اچھے تھے آئندہ اور بھی اچھے ہوں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ میونسپل سروسز بلدیہ عظمی کراچی نے ضلع وار جراثیم کش اسپرے کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کا آغاز22 اگست سے کردیا گیا ہے جو 29 اگست تک جاری رہے گا جس پر ضلع وار عملدرآمد ہوگا اس مہم کے دوران جن جگہوں پر اسپرے گاڑیوں کا جانا مشکل ہے وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں سے تحفظ مہیا کیا جاسکے، اسپرے مہم کے لئے ضلعی بلدیاتی انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے تاکہ ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔

اسپرے شیڈول کے مطابق ضلع کورنگی اور ملیر میں 24اگست کو جبکہ ضلع غربی میں 25 اگست کو، ضلع جنوبی میں 27 اگست اور شیڈول کے تحت ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں 29 اگست کو اسپرے مہم انجام دی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں