پاک بحریہ کی جانب سے مبارک ویلیج میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد

پیر 16 ستمبر 2019 21:01

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) پاک بحریہ کے زیر اہتمام آئی سائٹ ٹرسٹ کے تعاون سے مبارک ویلیج میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ آئی کیمپ کے انعقاد کا مقصد بنیادی سہولیات سے محروم مبارک ویلیج کی عوام کو امراضِ چشم سے متعلق مفت مشورے اور طبی سہولیات کی فراہمی تھا۔ پیر کو پاک بحریہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایک روزہ کیمپ پاک بحریہ کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا جس میں امراض چشم، آنکھوں کی حفاظت اور بصری صحت کے لئے متوازن غذاء کی اہمیت کے بارے میں آگہی اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

کیمپ میں امراض چشم میں مبتلا مریضوں کا بڑی تعداد میں معائنہ کیا گیا اور اُنہیں مُفت ادویات اور چشمے فراہم کئے گئے۔

(جاری ہے)

فری آئی کیمپ میں آنے والے ایسے مریض جو موتیا اور آنکھوں کے دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا تھے انہیں مزید طبی علاج اور مفت جراحی پاک بحریہ کے اسپتالوں میں فراہم کی جائے گی۔ پاک بحریہ کی جانب سے ساحلی علاقوں کے مکینوں کی سہولت کے لئے باقاعدگی سے مفت طبی کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان کیمپس کے انعقاد کا مقصد ساحلی علاقوں کی محروم عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، مبارک ویلیج پر مفت آئی کیمپ کا انعقاد بھی پاک بحریہ کی انہی کاوشوں کا تسلسل ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں