سیسی میں شفافیت قائم رکھنے اور خریداری کی خدمات کی فراہمی کیلئے پروکیورمنٹ کے اصولوں پر مکمل عمل کیاجائے،

کمشنرسیسی SPPRAرولزپرٹریننگ نہایت اہمیت کی حامل ہے، وائس کمشنر، پروکیورمنٹ کا قانون2004 میں متعارف کرایا گیا، سعادت میمن

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) سندھ سوشل سیکورٹی کے کمشنر کاشف گلزار نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے میں شفافیت قائم رکھنے اور خریداری اور خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ پروکیورمنٹ کے رہنما اصولوں پر قرارواقعی عمل کیاجائے۔ تاکہ صحت مند مقابلے کا رجحان فروغ پاسکے اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعہ خریداری کا حصول پروکیورمنٹ رولز کے مطابق نہ ہو۔

انہوں نے یہ بات سیسی ہیڈآفس میں ادارے کے اعلی افسران کے لئے منعقدہ ایک روزہ ٹریننگ کورس بعنوان SPPRA رولز 2010 ترمیمی 2019 کے افتتاحی سیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس کمشنر صفدرحسین رضوی، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرممتازشیخ اور ڈائریکٹرتربیت و تحقیق منصور معطر بھی موجود تھے جبکہ ٹریننگ کورس کے اختتامی سیشن کی صدارت وائس کمشنر صفدرحسین رضوی نے کی۔

(جاری ہے)

ٹریننگ کورس میں سیسی کے تمام ڈائریکٹرز، مختلف ہسپتالوں کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹس، چیف میڈیکل آفیسرز، متعلقہ اکانٹس اور آڈٹ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سیسی کاشف گلزار شیخ نے ادارے کے تمام افسران اور ذمہ داران کو پابند کیا کہ وہ ہسپتالوں میں ادویات، مشینری، طبی آلات اور دیگر اشیا کی خریداری کے لئے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(SPPRA) کے رولز کا اچھی طرح مطالعہ کریں اور شفافیت کا معیار قائم رکھنے کیلئے ان رولز میں عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ٹریننگ کورس کے ٹرینر ڈائریکٹرپروکیورمنٹ سعادت میمن نے شرکا کو کورس کے اغراض و مقاصد،طریقہ کار اور تصورات کے بارے میں سلائڈز کے ذریعہ روشناس کرایا اور کہا کہ پروکیورمنٹ کا قانون ملک میں 2004 میں متعارف کرایا گیا اور 2009میں اسے ایکٹ کی شکل دی گئی جبکہ 2010 سے یہ رولز نافذالعمل ہیں۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس کمشنر نے کہاکہ آج کی ٹریننگ موضوع کے اعتبار سے نہایت اہمیت کی حامل ہے اور یہ ادارے میں اپنی نوعیت کااولین ٹریننگ کورس ہے جس کے لئے ریسرچ اینڈٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مبارکباد کا مستحق ہے۔

ڈائریکٹرپبلک ریلیشنزو ٹریننگ اینڈریسرچ منصورمعطر نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کے تحت مجموعی طور پر یہ 252واں ٹریننگ کورس ہے جبکہ پروکیورمنٹ پر یہ پہلا کورس ہے۔بعد ازاں وائس کمشنر صفدرحسین رضوی نے شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔اس موقع پر ٹرینر ڈاکٹرسعادت میمن کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں