قائداعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فاسٹ ٹریک سروس کا آغاز، دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو گا۔ لیچنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم

ایئر پورٹ فاسٹ ٹریک سروس ایک سنگ میل ہے، اس طرح کی سروس دیگر ایئر پورٹس پر بھی شروع ہونی چاہئے۔ پارلیمانی سیکریٹری سول ایوی ایشن ایم این اے آفتاب حسین صدیقی

اتوار 22 ستمبر 2019 22:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) پاکستان کے لیچنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ قائداعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فاسٹ ٹریک سروس کے آغاز سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو گا اور اس منفرد سروس سے کراچی سے بیرون ملک جانے والے مسافر بھرپور استفادہ کر سکیں گے، انہوں نے اس شاندار سروس شروع کرنے پر میجسٹک لائونج فاسٹ ٹریک سروس کے ڈائریکٹر سید جنید علی شاہ کو مبارکباد پیش کی۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جناح ٹرمینل ایئر پورٹ پر میجسٹک فاسٹ ٹریک لائونج کی افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف اداروں کے اعلیٰ افسران جن میں ڈی جی اے ایس ایف جنرل ظفرالحق، کمانڈر اے ایس ایف بریگیڈیئر منصور جنجوعہ، ڈائریکٹر اے ایس ایف عباس تعزیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے رئوف شیخ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی آزاد خان، آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ، ڈی آئی جی سندھ ذوالفقار لاڑک، ڈی آئی جی سندھ پولیس احمد یار چوہان، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سلطان خواجہ، ایم پی اے سندھ ڈاکٹر سید عمران علی شاہ، ایم پی اے خرم شیر زمان، سی پی ایل سی چیف زبیر میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے زین شیخ اور خرم ظفر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکریٹری سول ایوی ایشن اور ایم این اے آفتاب حسین صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر پورٹ فاسٹ ٹریک سروس کو پاکستان میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی سروس ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر بھی میسر ہونی چاہئے اس سے مسافروں کو بہت آسانی ہو گی اور ساتھ ہی دنیا بھر میں ہمارے ملک کا امیج بہتر ہو گا۔

انہوں نے میجسٹک فاسٹ ٹریک سروس کے روح رواں ڈاکٹر جنید علی شاہ اور ان کے پارٹنر خرم ظفر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ڈائریکٹر میجسٹک لائونج اینڈ ہاسپٹلٹی سروسز اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ اب جبکہ نیا پاکستان بن رہا ہے تو ہم نے سوچا کہ ہم بھی اس میں اپنا حصہ ڈالیں، مجھے امید ہے کہ اس پروجیکٹ سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو بہت اچھی سہولت حاصل ہو گی اور وہ امیگریشن و دیگر مراحل سے گذرنے کے لئے ہماری فاسٹ ٹریک سروس استعمال کر کے انجوائے کریں گے اور ساتھ ہی ان کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔

انہوں نے افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے پر سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اور لیچنڈ آل رائونڈر وسیم و تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں