بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کی متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت

پیر 23 ستمبر 2019 23:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، اقوام متحدہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق انہیں دلائے اور کشمیر میں بھارتی غنڈہ گردی کو روکے، سٹی کونسل کے اراکین نے کہا کہ کشمیر میں معصوم اور نہتے شہریوں کو مسلسل 48 ویں دن ناقابل بیان اذیت کا سامنا ہے جس پر امت مسلمہ کی خاموشی حیران کن ہے اور اقوام متحدہ بھی اس پر خاموش ہے، حالانکہ کشمیر میں لوگوں کو زندہ درگور کردیا گیا، مودی سرکار نے کشمیر میں 8 لاکھ فوج اتار کر بھارت کی مزید تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، امن نیست و نابود ہو تو جنگ کے آثار بن جاتے ہیں، کشمیر پر اگلی جنگ تیسری عالمی جنگ ثابت ہوسکتی ہے، اگر جنگ چھڑی تو پاکستان کا بچہ بچہ سرحد پر ہوگا، سٹی کونسل نے کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے دوٹوک موقف کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائے جانے کی تائید بھی کی جبکہ اس موقع پر ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’لے کر رہیں گے کشمیر‘‘کے نعرے بھی لگائے گئے، کونسل کا اجلاس ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کی صدارت میں پیر کی سہ پہر کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہواجس میں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بھی شرکت کی، اجلاس میں مجموعی طور پر 19دیگر قراردادوں کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی جن میں گزشتہ بارشوں کے دوران کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس اور اس کے ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دینے کے مطالبے سمیت بلدیہ کراچی کے لانڈھی کورنگی چڑیا گھر اور کراچی چڑیا گھر میں مختلف اسٹالز اور سہولیات کی نیلامی ، کڈنی ہل پارک کو اربن فاریسٹ بنانے ،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ پر چائنا گرائونڈ میں کشمیر باغ قائم کرنے کی منظوری اور کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں لکویڈ آکسیجن گیس کی فراہمی اور عباسی شہید اسپتال میں ٹیلی فون ایکسچینج کی فراہمی و تنصیب اور میڈیکل آکسیجن گیس /نائیٹرو آکسائیڈ گیس کی فراہمی کی توثیق اور منظوری، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز اور محکمہ وہیکل بلدیہ عظمیٰ کراچی سے متعلق امور کی منظوری شامل تھی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز میں قائد ایوان اسلم شاہ آفریدی نے برسراقتدار اور حزب اختلاف ممبرا ن کی طرف سے ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کو پہلی بار کونسل کی صدارت کرنے پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی جبکہ مختلف اراکین کی طرف سے پیش کی گئی قراردادوں کے ذریعے سابق یوسی چیئرمین وقار احمد تنولی،ممبر کونسل زبیدہ اقبال کے والد، سابق یوسی ناظم رمضان سنگھار، ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر، صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار اور ہدایت کار عابد علی، اداکارہ ذہین طاہرہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہاراور پاک افغان سرحد پر جام شہادت پانے والے میجر عدیل شاہد اور دیگر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس کے علاوہ چیئرمین یوسی14- حاجی عبدالغفور کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی، اجلاس کی کارروائی کے دوران جن اراکین نے اظہار خیال کیا ان میں اسلم شاہ آفریدی، جنید مکاتی، حنیف میمن، عارف خان ایڈوکیٹ، کرم اللہ وقاصی اور دیگر شامل تھے۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں