ایران سعودی مفاہمت سے استعماری سازشیں دم توڑ جائیں گی، مولاناامین انصاری

عمران خان کا دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار فلسطین و کشمیر کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، بانی متحدہ علماء محاذ

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میںمنعقدہ مجلس عاملہ کے اجلاس میںمتفقہ طور پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ایران سعودیہ کے مابین تنازعات کے حل کیلئے ثالثی و مصالحتی کردار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سعودی مفاہمت سے اسرائیل ،امریکہ، بھارت اور استعماری سازشیں دم توڑ جائیں گی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کا دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار فلسطین و کشمیر کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگااور پاکستان سمیت خطے میں حقیقی امن کی فضاء مستحکم ہوگی۔ متحدہ علماء محاذکئی سالوں سے اپنی کانفرنسز و سیمینارز کے ذریعے حکومت و افواج پاکستان سے اپیل و مطالبہ کرتی آئی ہے کہ ایران وسعودیہ کے درمیان مصالحانہ کردار اداکرے۔

(جاری ہے)

دیر آید درست آید کے بہ مصداق بہرحال حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی و مصالحتی کردار اداکرنے کا جو مخلصانہ عملی اقدام کیاہے متحدہ علماء محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ اس کا خیر مقدم اور موجودہ حالات میں وقت کا اہم ترین تقاضا سمجھتے ہیں۔اجلاس میں محاذ کے تحت مورخہ 20اکتوبر اتوار کو 5بجے شام مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں یکجہتی کشمیر و اتحاد امت سیمینار کے انعقاد کا اعلان کیاگیا۔

اجلاس میں چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی،مرکزی نائب صدر علامہ علی کرارنقوی،مولانا مفتی محمد بخاری، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،مولانا منظرالحق تھانوی،علامہ روشن دین الرشیدی،علامہ امجد ہزاروی،مفتی وجیہہ الدین، محمد شکیل قاسمی ودیگر نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں