ْڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت میںایک اعلی سطح کا سیکیورٹی اجلاس

چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیاگیاتاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت میںایک اعلی سطح کا سیکیورٹی اجلاس رینجرزہیڈکوارٹرزمیںمنگل کو منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیاگیاتاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مرتب کی گئی حکمت عملی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا۔اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ صوبے بھر میں امن ا مان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرزاہلکار، رینجرز ہیلپ لائن1101 پر، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں