روزگار دینے کا دعوی کرنیوالی پارٹی روزگار چھین رہی ہے،ظہیر احمد

چیئرمین ٹیچرز ایسوسی ایشن کی بھوک ہڑتا ل پر بیٹھے عابد بلوچ سے پریس کلب پر ملاقات سرپرست اعلی بننے کی درخواست قبول کر لی ،اساتذہ کے حقوق کی آواز اٹھانے کی یقین دہانی

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) محکمہ اسکول ایجوکیشن کراچی میں بھرتیوں کے بعد سے گذشہ7برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظہیر احمد نے منگل کو کراچی پریس کلب پر تادم بھوک ہڑتال پر بیٹھے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پہلے شہید ورکر ناصر بلوچ کے بیٹے عابد بلوچ سے ملاقات کی اور پارٹی کی جانب سے انہیں نظر انداز کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے مکمل تعاون اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر ظہیر احمد نے سندھ حکومت کی جانب سے سال2012ء کے اساتذہ کیساتھ کی گئی زیادتیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اساتذہ کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے عابد بلوچ کوٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کا سرپرست اعلی بننے کی درخواست کی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عابد بلوچ نے سال2012ء کے اساتذہ کو تنخواہوں کے اجراء میں مد د دینے کیلئے ان کی آواز اعلی حکام پر پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

ملاقات کے دوران ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظہیر احمد نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ روزگار دینے کا دعوی کرنیوالی پیپلز پارٹی روزگار چھین رہی ہے گذشتہ7سالوں سے اساتذہ تنخواہوں کے لئے احتجاج کر رہے ہیں مگر کوئی سننے والا نہیں ۔وزیر اعلی مراد علی شاہ نے سال2012ء کے اساتذہ کے معاملے کو حل کرنے کیلئے 2بار حکم دیا مگر ان کے احکامات بھی بیورو کریسی نے ہوا میں اڑا دیئے اب حالت یہ ہے کہ اساتذہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن عابد بلوچ نے ظہیر احمد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی پریس کلب کے باہر سے اساتذہ کی آواز ایوان میں پہنچائیں گے اور اساتذہ کو تنخواہوں کے اجراء کے لئے اپنا ہر ممکن کردار بھی اداکریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں