کشمیر ساتویںہم ایوارڈز کا ہیوسٹن میں شاندار انعقاد

اعلیٰ شخصیات نامور فنکاروں‘ ہدایتکاروں‘ پیشکاروں اور صنعت سے وابستہ دیگر افراد سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:04

کراچی +ہیوسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) گزشتہ شب ہیوسٹن میں سال کے سب سے بڑے اور شاندار بین الاقوامی ایوارڈز’’کشمیر7thہم ایوارڈز ‘‘ کا زبردست انداز میں انعقاد عمل میں آیا جس میں پاکستان کے اعلیٰ شخصیات نامور فنکاروں‘ ہدایتکاروں‘ پیشکاروں اور صنعت سے وابستہ دیگر افراد سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

یہ ایوارڈزکشمیر کوکنگ آئل اور بناسپتی کی جانب سے پیش کئے گئے جبکہ کیڈبری ڈیری ملک اور اٹین ریسیڈنشل پراجیکٹ کے ذریعے اور بسکونی چاکلیٹو کے تعاون سے این آر جے ایرینا ہیوسٹن میں منعقد ہوئے۔تقریب کی مناسبت سے کی گئی ریڈ کارپٹ ایریا کی خوبصورت سجاوٹ آنے والوں کو سحر میں مبتلا کررہی تھی‘ریڈ کارپٹ پر جیسے ستاروں کی کہکشاں اُتری ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

جہاںعلی سفینہ اور مومل شیخ میزبانی کے فرائض انجام بخوبی انجام دے رہے تھے۔ستاروں سے سجی ہوئی اس محفل کے ذریعے نہ صرف پاکستانی تفریحی صنعت کو ایک چھت تلے اکٹھا ہونے کا موقع میسر آتا ہے بلکہ یہ پلیٹ فارم پاکستانی تفریحی صنعت کی حقیقی اقدار کو لوگوں کے سامنے لانے کا ذریعہ بھی ہے۔تقریب کے آغاز میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ امریکہ اورپاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

پہلے کو ان کی روایتی پریڈ جبکہ دوسرے کو کبری خان‘فرحان سعید‘ عروہ حسین‘ میکال ذوالفقار ‘عمران اشرف ‘ ریما خان سمیت بہت سے دوسرے لوگوں اور بچوں نے پاکستانی جھنڈوں کے ملبوسات پہن کر جوش و خروش کے ساتھ پیش کیا۔قومی ترانے کے ساتھ ہی ہارون رشید نے ’’دل سے ‘‘ میں بشری انصاری کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ہم ٹی وی سال2018کی کارکردگی اور کامیابیوں کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر ارون مسنگا ‘ ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی اور ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی نے حاضرین سے خطاب کیا۔تقریب کے پہلی میزبان جوڑی علی رحمان اور میکال ذوالفقار تھے جنہوں نے ’’تو تورو تارا تارا ‘‘پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے ایوارڈ کی پہلی کیٹیگری ’’بیسٹ سوپ آف دی ائیر ‘‘کا اعلان کیا جسے دینے کیلئے شہزاد شیخ اور کبری خان اسٹیج پر تشریف لائے۔

حیرت انگیز کہانی بہترین پرفارمنس کی بنیاد پر اس کیٹیگری کا فاتح’’سانوری‘‘ کو قرار دیا گیا ۔ یہ ایوارڈ مہیش واسوانی نے وصول کیا۔سوپ کے لئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ زینب احمد کو ماں صدقے پر ان کی بہترین کارکردگی پر دیا گیا جو سی او او سیمسول فوزیہ سلیم سے عدنان صدیقی نے وصول کیا۔سوپ کے لئے بہترین اداکارکی کیٹیگری کیلئے بینک الفلاح کا تعاون حاصل تھا جسے پیش کرنے کیلئے منیب بٹ اور حنا دل پذیر اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئے ۔

سوپ کے لئے بہترین اداکار کا ایوارڈ سانوری میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے پر اسامہ خان کو دیا گیا۔بیسٹ چائلڈ اسٹار اور بیسٹ ٹیلی فلمزکا ایوارڈ علی سفینہ اور نادیہ افغن نے ایم ڈی پروڈکشنز کی کاوش ’’اس دل کی ایسی کی تیسی ‘‘میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمیع خان کو دیا گیا۔بعد ازاں اذان سمیع خان اور ہانیہ عامر نے پاکستانی میڈلی فلمی گانوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور سارے حاضرین نے گانوں میں ان کا ساتھ دیا۔

ایک موقع پر اذان اسٹیج سے اتر کر حاضرین میں بیٹھی ہوئی ریما خان کو اپنے ہمراہ اسٹیج پر لے کر آیا تو حاضرین کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل تھا۔ایوارڈ شو کی اگلے سیگمنٹ کی میزبان جوڑی میکال ذوالفقار اور صنم جنگ پر مشتمل تھی۔بیسٹ نیو سنسیشن میل اور فی میل کے فاتحین کا اعلان کرنے کیلئے یاسر حسین اور اقراء عزیز کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا جو بالترتیب سیف حسین )عشق تماشا(اور اسامہ طاہر)ڈر سی جاتی ہے صلہ(کو دیا گیا۔

عدنان صدیقی اور مروہ حسین نے مومل انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’’باندی ‘‘ کے لئے بہترین او ایس ٹی کا ایوارڈ دیا جسے وصول کرنے کیلئے مومل شنید اسٹیج پر آئیں جس کے بعد کشمیر گولڈن پلیٹ ایوارڈ دینے کیلئے ہیوسٹن کے مئیر سلوسٹر ٹرنراور کشمیر کوکنگ آئل کے محمد اکبر مگو اسٹیج پر تشریف لائے اور ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کو ایوارڈ پیش کیا۔

اگلے مرحلے پر مائیک احمد علی بٹ اور میکال ذوالفقار کے ہاتھ میں آیا اور جب تک وہ بولتے رہے اس وقت تک ہال سے حاضرین کے قہقہوں کی آوازیں آتی رہیں۔تقریب کی اگلی میزبان جو ڑی علی رحمان اور عائشہ عمر پر مشتمل تھی جو ایک گانے پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسٹیج پر آئے ‘ پھر ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ایوارڈ پیش کرنے کے لئے مدعو کیا۔

انہوں نے ریکوگنیشن ایوارڈ)فلم(کیلئے ’’پرواز ہے جنون‘‘ کا ایوارڈ مومنہ درید کو پیش کیا۔ بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز کیلئے حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پر’’ ہم ‘‘ کی آنے والی فلم کا ٹیلر بھی دکھایا گیا۔اگلا ایوارڈ معاون اداکارہ)سیریل( نادیہ افغن کو سنو چندا میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر پیش کیا گیا جسے دینے کیلئے یمنی زیدی اور صدر ریچی لینڈ مسز طاہر جاوید اسٹیج پر تشریف لائیں۔

بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ’’باندی ‘‘کیلئے یاسر حسین اور ’’ڈر سی جاتی ہے صلہ ‘‘کے لئے ٹیپو شاہ کو دیا گیا جسے پیش کرنے کیلیے زیبا بختیار اور ڈاکٹر مبشر چوہدری کو مدعو کیا گیا۔پاکستانی میڈیا انڈسٹری کے معروف ستاروں مہوش حیات اور احسن خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی پرفارمنس سے اسٹیج پر جیسے آگ لگادی بعد ازاں احمد علی بٹ اور بشری انصاری نے اگلے حصے کی میزبانی کے فرائض سنبھالے ۔

انہوں نے اگلا ایوارڈدینے کیلئے ریما اور تنویر احمد کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ اگلی کیٹیگری انتہائی موثر کردار کا تھا جس کیلئے قرعہ نکلا نعمان اعجاز کا جنہوں نے ’’ڈر سی جاتی ہے صلہ ‘‘جبکہ بہترین منفی کردار کا ایوارڈ بھی نعمان اعجاز کے حصے میں آیا جو انہوں نے سینٹر فیصل جاوید اور مومل شنید نے پیش کیا۔بعد ازاں مومنہ درید اور جاوید شیخ اسٹیج پر آئے اور بہترین ڈرامہ سیریل اور بہترین ڈائریکٹر کیلئے صائمہ اکرم چوہدری )سنو چندا (اور کاشف نثار)ڈر سی جاتی ہے صلہ (کے ناموں کااعلان کیا ۔

اگلی کیٹیگری کے اعلان سے قبل عاصم اظہر اسٹیج پر آئے اور انہوں نے عالمگیر کے گانوں پر اپنی تہلکہ خیز پرفارمنس سے حاضرین میں جوش پیدا کیا۔ اس موقع پر عالمگیر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈپیش کیا گیا ۔ لوگوں نے تالیوں کی گونج میں ان کا کھڑے ہوکر استقبال کیا ۔ سلطانہ صدیقی اور عاصم اظہر نے عالمگیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ پیش کیا۔

علی رحمان اور میکال ذوالفقار بطور میزبان اسٹیج پر آئے اور انہوں نے زاہد احمد اور محمد احتشام الدین کو کینڈی لینڈ کے تعاون سے بہترین اسکرین جوڑی)پاپولر(پیش کرنے کیلئے مدعو کیا۔ یہ ایوارڈ ’’سنو چندا‘‘ کے لئے فرحان سعید اور اقراء عزیز کو پیش کیا گیا۔بہترین ڈرامہ سیریل)پاپولر (کا ایوارڈ بسکونی کے تعاون سے نعمان اعجاز اور صابر گوڈیل نے ’’سنو چندا ‘‘ کے لئے پیش کیا جسے وصول کرنے کے لئے مومنہ درید اسٹیج پر آئیں۔

بہترین اداکارہ ڈرامہ سیریل)پاپولر(دینے کیلئے عمران اشرف اور ایٹین کے طارق حمیدی نے ’’سنو چندا‘‘ کیلئے اقراء عزیز کو دیا جبکہ بہترین اداکار ڈرامہ سیریل)پاپولر(کا ایوارڈ دینے کیلئے عروہ حسین اور ایٹین کے عزیر عادل مدعو کئے گئے ۔ یہ ایوارڈ ’’سنو چندا ‘‘کیلئے فرحان سعید کو دیا گیا بعد ازاں احمد علی بٹ اپنے مخصوص مزاحیہ اندا زمیں حاضرین سے گفتگو کرنے کے لئے میدان میں اُترے۔

اس کے بعد صوفی موسیقی کے حوالے سے دنیا بھر میں مقبول عابدہ پروین نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ان کی سحر انگیز گلوکاری نے محفل میں اپنا رنگ جمالیا۔اس حسین شام کے اختتامی حصے کے میزبان صنم جنگ اور احسن خان تھے۔بیسٹ آن اسکرین جوڑی کا جیوری ایوارڈ پیش کرنے کے لئے ہانیہ عامر اور سینسوڈائن کے سہیل متین نے اقراء عزیز اور فرحان سعید کو پیش کیا جبکہ بہترین ڈرامہ سیریل جیوری ایوارڈ ’’ڈر سی جاتی ہے صلہ‘‘ کو دیا گیا۔

یہ ایوارڈ عدنان صدیقی اور کشمیر کوکنگ آئل کے شکیل احمد نے پیش کیا۔ بہترین اداکارہ جیوری ایوارڈ عائشہ عمر اور کشمیر آئل کے عمران باسط نے یمنی زیدی )ڈر سی جاتی ہے صلہ(کو پیش کیا۔ بہترین اداکار جیوری کا ایوارڈ بشری انصاری اور کشمیر کوکنگ آئل کے میاں شہزاد نے نعمان اعجاز)ڈر سی جاتی ہے صلہ(کو پیش کیا اور اس کے ساتھ ہی اس خوبصورت شام کا اختتام ہوگیا۔واضح رہے کہ ہم نیٹ ورک کی جانب سے پہلی بار بین الاقوامی سطح پر 2018ء میں ٹورنٹو میں انتہائی کامیابی سے ہم ایوارڈز منعقد کرائے گئے جس کے بعد امسال امریکہ میں ان ایوارڈز کا انعقاد عمل میں آیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں