کراچی،ڈیفنس خیابان بدرمیں ہیئرڈریسر دکان میں دھماکے سے 3 افراد زخمی

جائے حادثہ پر بارود کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے، لگتا ہے کہ ہیئر ڈریسر کی دکان کھولی گئی تو گیس موجود ہونے سے دھماکہ ہوا، پولیس حکام

جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بدرمیں ہیئرڈریسر دکان میں دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیاگیاہے،دھماکے سے متعدددکانوں کو نقصان پہنچاہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بدرمیں ہیئرڈریسر کی دکان میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز کافی دور تک سنائی دی جس کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچیں، جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے۔ پولیس نے بم ڈسپوزل اسکوڈ کی ٹیم کو طلب کرلیا۔ریسکیوذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت 28 سالہ محمد رضا ،17 سالہ مدنی ،21 سالہ ناظم کے نام سے کی گئی ہے جب کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے بتایاکہ دکان سے زخمیوں کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق جائے حادثہ پر بارود کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے، لگتا ہے کہ ہیئر ڈریسر کی دکان کھولی گئی تو گیس موجود ہونے سے دھماکہ ہوا، 2 دکانوں کو زیادہ جبکہ دیگر دکانوں کا کم نقصان ہوا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں