کراچی ، انسداد تجاوزات کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے پر چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شہر میں انسداد تجاوزات کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے پر چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ بلا تخصیص شہر کے چھ اضلاع میں انسداد تجاوزات کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹ اور سروس روڈ پر کاروبار کرنے سے گریز کریں، اس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اور شہر کی خوبصورتی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹس بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ایسٹ میں یونیورسٹی روڈ پر سوک سینٹر، چاندنی چوک اور اطراف کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا جہاں لوگوں نے سڑک کے کنارے،فٹ پاتھ، گرین بیلٹ اور سروس روڈ پر کیبن، کھانے پینے کے اسٹال، پتھارے، ریڑھیاں، تخت، کرسیاں میزیں، پنجرے اور گنے کی مشینیں، ناکارہ گاڑیاں دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں، گرل وغیرہ کھڑی کر کے کاروبار شروع کر رکھا تھا، متعدد بار متنبہ کرنے کے باوجود ان لوگوں نے تجاوزات نہیں ہٹائیں تو جمعہ کی صبح بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے کارروائی کرتے ہوئے ان تمام تجاوزات کو مسمار کر دیااور سامان ضبط کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کارروائی کے دوران بعض اشخاص نے مزاحمت کی کوشش کی جن میں سے چار افراد کو پولیس نے گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا ۔ کارروائی کی نگرانی علاقہ پولیس کی موجودگی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایسٹ شاکر ذکی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان صدیقی، محمود صدیقی ،غلام معین الدین، امین لاکھانی نے کی ۔میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف کراچی کے تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر بلا تخصیص آپریشن جاری رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں فٹ پاتھ اور سروس روڈ پر کسی بھی قسم کا کاروبارکرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاجر برادری اس بات کا خیال رکھے کہ وہ اپنا کاروبار دکانوں کے اندر کریں، فٹ پاتھ پیدل چلنے والے شہریوں، سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور گرین بیلٹ، سبزے درختوں اور پودوں کے لئے مختص ہے۔ ان جگہوں پر کاروبار کر نے سے شہر کی خوبصورتی متاثر اور آلودگی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کے لئے مسائل پیداہوتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی لہٰذا دکاندار ان جگہوں پر کاروبار کی غرض سے قبضہ نہ کریں اور شہر کو خوبصورت بنانے میں اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں