سائٹ صنعتی ایریا میں جرائم کی بڑھتی وارداتیں، صنعتکاروں نے آئی جی سندھ سے مدد مانگ لی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے سائٹ صنعتی ایریا میں جرائم پیشہ افراد کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا ہے کہ صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے مؤثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ صنعتکاروں کی جان ومال کو محفوظ بنایا جاسکے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سائٹ صنعتی ایریا میں 3 موٹرسائیکل سواروں کی بلاخوف وخطر صنعتکار کی گاڑی پر فائرنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک چلینج ہے جس سے نمٹنے کے لئے انہیں سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ سلیمان چاؤلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ، اغواء کے واقعات، بھتہ خوری اور دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی تاہم شہر کے ہر علاقے میں اسٹریٹ کرائم سمیت رقم، موبائل، موٹرسائیکل، کار اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں کمی نہ آسکی خاص طور پر سائٹ کے صنعتکاروں سمیت شہریوں سے لوٹ مار اور ہراساںکرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں میں روز بروز اضافے کے باعث صنعتی ایریا میں خوف پایا جاتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں محدود ہوتی جارہی ہیں جبکہ اگر کاروباری صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو خریداروں نے بھی چھینا چھپٹی کے خوف سے خریداری کم سے کم کردی ہے جس کی وجہ سے ریٹیلرز کو سیکورٹی کے حوالے سے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑرہے ہیں حالانکہ موجودہ معاشی بحران میں وہ اضافی اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس سے پرامن اور سازگار کاروباری ماحول میسر آسکے، تب ہی اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو مستقل بنیادوں پر پیٹرولنگ کرنی چاہیے جبکہ حکومت جرائم پیشہ عناصر کو سخت سزائیں دے اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے ویران سڑکوں پر سیکورٹی بڑھائی جائے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت پر زوردیا کہ وہ کراچی کو درپیش اس اہم مسئلے پر خصوصی توجہ دیں خصوصاً اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات عمل میں لائے تاکہ کراچی والوںکوفوری طور پر ریلیف مل سکے۔ سلیمان چاؤلہ نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی سائٹ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کریں کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مقررہ مدت میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ مقررہ مدت میں اسٹریٹ کرائم پر قابو نہ پانے والے افسران کو فوری طور پر معطل کرکے ان کی جگہ فرض شناس افسران کو تعینات کیا جائے جو مثبت نتیجہ برآمد کرنے کا واحد حل ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں