سندھ چشمہ،جہلم کینال پر پنجاب کو بجلی گھر بنانے نہیں دے گا،ارسا کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،وزیرزراعت سندھ

سندھ کو بنجربنانے کی سازش کی جارہی ہے،ارسا اپنا تعصبی فیصلہ واپس لے،فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہرفورم پراحتجاج کیاجائے گا، اسماعیل راہو

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) ارسا کا سی جی کینال پر پنجاب کوبجلی گھربنانے کی اجازت دینے پر سندھ حکومت نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارسا اپنا تعصبی فیصلہ واپس لے،فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہر فورم پراحتجاج کیاجائیگا۔وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ارسا اپنی حدود میں رہ کرکام کرے صوبوں میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔

سندھ چشمہ،جہلم کینال پر پنجاب کو بجلی گھر بنانے نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ ارسا کو کوئی اختیار نہیں ہے کہ سندھ کے کاموں میں مداخلت کرے۔ارسا کے اس فیصلے کو سندھ حکومت مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کو پہلے ہی پانی کی قلت کا سامنا ہے،ارسا کی جانب سے صوبے کو بنجر بنانے کی سازش کی جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شرمناک عمل ہے۔

سندھ اپنا پانی چوری کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔وفاق نے سندھ صوبے کے ساتھ مذاق بنارکھا ہے،اسلام آباد میں بیٹھا سازشی ٹولہ آئے دن سندھ کے خلاف فیصلے کرتا رہتا ہے،18 ویں ترمیم کے بعد صوبے خودمختارہیں، سندھ کی اجازت کے بغیر پنجاب بجلی گھر نہیں بنا سکتا۔اسماعیل راہو نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ارسا سندھ کا پانی چوری کرنے میں بھی ملوث ہے،نیازی حکومت اوراس کے اتحادی سندھ کیخلاف سازشیں کررہے ہیں،سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں