خصوصی بچے بعض چیزوں سے محروم ضرور ہوتے ہیں مگر اُن کا دماغ سب کچھ جانتا ہے، انور مقصود

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:21

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) بچے ملک کا مستقبل ہیں، بچہ پیدا غریب ضرور ہوتا ہے مگر ساری زندگی غریب اپنی مرضی سے رہتا ہے، آپ میں ٹیلنٹ اور ذہانت ہے تو آپ کامیابیوں کی بلندی کو چھو سکتے ہیں، آرٹس کونسل کراچی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں آپ آرٹ، میوزک، تھیٹراورڈانس سیکھ کر بہت آگے جاسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار معروف مصورومزاح نگار انور مقصود نے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے زیر اہتمام ایوارڈ برائے سال 2018-19ء میں کامیاب طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے بچوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں، میں ان بچوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو یہاں آکر سیکھتے ہیں اور خصوصی بچے بعض چیزوں سے محروم ضرور ہوتے ہیں مگر اُن کا دماغ سب کچھ جانتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں جو کام شروع کیا اسے پایہٴ تکمیل تک پہنچایا جائے، ہم فائن آرٹ اور پرفارمنگ آرٹ کی ایک یونیورسٹی بنائیں گے، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ترکی اورجرمنی سمیت مختلف ممالک کے ساتھ مل کر میوزک بھی کررہا ہے، ڈانس اور تھیٹر کے شعبے کو بھی ہم مزید بہتر کررہے ہیں، دُنیا میں پہلی عالمی اُردو کانفرنس اور پاکستان میں پہلا یوتھ فیسٹیول میں نے کرایا، میں بچپن سے ادب اور میوزک سے وابستہ رہاہوںاور اس میں ذاتی دلچسپی ہے، شاہد رسام کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔

شاہد رسام نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں بچہ یہاں سے صرف ڈگر ی نہیں لے کر جائے بلکہ ان کی تعلیم کے ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے تاکہ جب یہ بچے یہاں سے پاس ہوکر جائیں تو انہیں روزگار کا مسئلہ درپیش نہ ہو،ACIACکا آغاز 1964ء میں ہوا ،محمد احمد شاہ نے اس میں انقلاب برپا کیااور یہ اسکالر شپ پروگرام شروع کیا، آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ انور بھائی کا فیض ہے۔

ندیم احمد نے کہاکہ میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں جب تک کسی ملک کا آرٹ، تھیٹر، میوزک ، فلم، سینما، ڈرامہ پروگریس نہیں کرتا وہاں پر سوفٹنس نہیں آتی تو میں سمجھتا ہوں کہ جو کاوش آرٹس کونسل کراچی اور یہاں کے آرٹسٹ کررہے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ آنے والا وقت بہت پرامن ہوگا اور یہاں کی آرٹ انڈسٹری ترقی کرے گی۔ جن بچوں نے ایوارڈ میں پوزیشن حاصل کی ان میں آل کراچی ٹیکنیکل بورڈمیں پہلی پوزیشن رضا محمد(کمیونی کیشن ڈیزائن)، دوسری فرحانہ ناز(فائن آرٹ) اور تیسری واسع الحسن (فائن آرٹ) جبکہ سیکنڈ ایئر میں پہلی انیلہ ارشد، دوسری خدیجہ یوسف، تیسری راحت تسنیم،چوتھی رومارستخیزہ، فرسٹ ایئر میں جواد جان پہلی، رِمشا خان دوسری، بہزاد وارثی تیسری اور طاہرہ خان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے دوران دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں طلباء و طالبات نے آرٹ، مصوری اور ٹیکسٹائل پر اپنے بیانات دیئے۔ تقریب کے اختتام پہ انور مقصود نے طلباء و طالبات میں شیلڈ، میڈل اور چیک تقسیم کیے۔ آرٹس کونسل کراچی کی طرف سے انور مقصود اور ندیم احمد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیاگیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں