پاکستان کھیلوں کے حوالے سے دنیا میں اپنا مقام رکھتا ہے، صدر ڈبلیو بی ایس سی ریکارڈو فریکری

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:21

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن (ڈبلیو بی ایس سی)کے صدر ریکارڈو فریکری (Riccardo Fraccari) نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے دنیا میں اپنا مقام رکھتا ہے، پاکستان میں سافٹ بال کی ترقی اور فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کے نوجوان خصوصا خواتین اس کھیل میں اپنی بھرپور دلچسپی کامظاہرہ کررہی ہیں، ڈبلیو بی ایس سی آئندہ بھی پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچز کو سافٹ بال کی جدید ٹریننگ اور کوچنگ کے ہرممکن مواقع فراہم کرے گی۔

ہفتہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے دارلحکومت دوحہ میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈبلیو بی ایس سی کی سیکریٹری جنرل داتو بینگ چولو (DATO BENG CHOO LOW) بھی موجودتھیں۔ ریکارڈو فریکری نے کہا کہ سافٹ بال فیڈریشن پاکستان نے بہت کم عرصے میں نہ صرف اس کھیل کو اپنے ملک میں متعارف کرایا ہے بلکہ ان کی بھرپور کاوشوں کے باعث آج پاکستان میں سافٹ بال گراس روٹ لیول پر بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے، ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان سافٹ بال ٹیم اپنی مد مقابل ٹیموں کیلئے ایک سخت جان حریف ثابت ہوگی، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اورکوچز انٹرنیشنل کوچنگ اور ٹریننگ کورسزسے استعفادہ حاصل کریں۔

اس ضمن میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان اپنے آئیڈیاز، تجاویز اور فیوچر پلان ہمیں ارسال کریں۔ ریکارڈو فریکری نے اس موقع پراس خواہش کا بھی اظہارکیا کہ وہ پاکستان میں سافٹ بال کے کھیل کو بھرپورفروغ حاصل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر آصف عظیم نے رواں سال لاہور میں منعقد ہونے والے سافٹ بال اولمپک سولیدیٹری کورس کے موقع پرریکارڈو فریکری کو پاکستان آنے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے میں خوشی محسوس کریں گے۔

ڈبلیو بی ایس سی کی سیکریٹری جنرل داتو بینگ چولو نے کہا کہ انٹرنیشنل لیول پرہونے والے ٹورنامنٹس، سافٹ بال لیگزاور ٹریننگ و کوچنگ کورسزمیں شرکت سے ناصرف پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچز کوانٹرنیشنل سطح پراپنی صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع میّسر آسکیں بلکہ وہ مدمقابل ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کر کے پاکستان کی ایشین اور ورلڈ رینکنگ کو بھی بہتر بناسکیں گے اور پاکستان میں بھی سافٹ بال کا کھیل مزید بہتری کی جانب گامزن ہو گا۔

داتو بینگ چولو نے مزید کہا کہ رواں سال پاکستان میں ہونے والے کامیاب سافٹ بال ایشیاء کوچنگ کلینک کے موقع پر دورہ پاکستان یادگار تھا، پاکستانی محبتیں بانٹنے والی قوم ہے، پاکستان میں ملنا والا پیار ہمیشہ یاد رکھوں گی اور بہت جلد دوبارہ پاکستان کادورہ کروں گی، پاکستان میں سافٹ بال کے کھیل کا روشن مستقبل دیکھ رہی ہوں۔ سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم نے ڈبلیو بی ایس سی کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو پاکستان میں سافٹ بال کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں