پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 2,600کلو گر ام حشیش برآمد، 2 ملزمان گرفتار

پیر 21 اکتوبر 2019 19:16

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے 2600کلو گرام اعلی کوالٹی کی حشیش(چرس) برآ مدکر کے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ گوادر (بلوچستان ) کے قریب تربت روڈ سے منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزبریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے جس کے نتیجے میں نیلینٹ کے قریب شاہ جہان روڈ چیک پوسٹ پر اسپیشل چیکنگ کے دوران ایک مشکوک ڈمپر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2600کلو گرام اعلی کوالٹی کی حشیش(چرس) برآ مدکر کے 02افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔پکڑی جانے والی منشیات اور ڈمپر کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 2850.7ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔برآمد شدہ منشیات ،ڈمپر اور02 اسمگلر ز کو حراست میں لے کر مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں