مزدور طبقہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قوانین وضع کئے گئے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا ،حبیب الدین جنیدی

منگل 22 اکتوبر 2019 18:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ بین الاقوامی ادارہ محنت کے کنونشنز کی روشنی میں ریاست پاکستان میں مزدور طبقہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد قوانین وضع کئے گئے ہیں مگر افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ اُن پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔وہ صنعتی مزدوروں کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پر حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان (سی بی ای) کے صدر حاجی محمدیعقوب،سیّد ہ نادرہ پروین،ذوالفقار احمد خان تنولی اور اُستاد جمال نیاز موجود تھے۔حبیب الدین جنیدی نے کہاکہ ایک سروے کے مطابق 8کروڑ افراد ہمارے ملک میں خطِ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیںجس کی ذمہ داری اُن صنعتی اور تجارتی اداروں کی انتظامیہ پر بھی عائد ہوتی ہے کہ جو لیبر قوانین پر اُس کی روح کے مطابق عملدرآمد سے گریزاں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صنعتکاروں ،پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے دیگر تمام اداروں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی انتظامیہ سے کہا کہ قانون سازی کا مقصد قانون کی کتابوں کو الماریوں میں سجا کر رکھنا نہیں بلکہ اُن پر عملدرآمد ہوتا ہے ۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ اگر مزدور قوانین پر اُن کی اسپرٹ کے مطابق عملدرآمد کیاجائے تو نہ صرف یہ کہ غربت کی شرح میں کسی حد تک کمی لائی جاسکتی ہے بلکہ گورننس کی صورتحال بھی بہتر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد کے اصل ذمہ دار متعلقہ حکومتی ادار ے ہیں جن کے قیام کا مقصد ہی قانون پر اُس کی اسپرٹ کے مطابق عملدرآمد کرواناہے۔حبیب الدین جنیدی نے متنبہ کیاکہ غریب محنت کش طبقہ میں بدترین اقتصادی و معاشی صورتحال کی وجہ سے شدید اضطراب پیدا ہورہاہے اور اس کا کسی حد تک مداوا مزدور قوانین پر عملدرآمد کرکے کیا جاسکتا ہے بصورتِ دیگر یہ بے چینی کسی وقت بھی شدید عوامی ردّعمل کی شکل اختیار کرسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں