میڈیا پر لگائی جانے والی غیر اعلانیہ پابندی کی مذمت کرتا ہوں، سعید غنی

کراچی کی بربادی کے ذمیداران آج بھی وفاقی حکومت میں شامل ہیں ،آئندہ دنوں میں 3سو ارب روپے خرچ کرکے مسائل کو حل کیا جائے گا،صوبائی وزیر اطلاعات و محنت

منگل 22 اکتوبر 2019 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) میڈیا پر لگائی جانے والی غیر اعلانیہ پابندی کی مذمت کرتا ہوں ،کراچی کی بربادی کے ذمیداران آج بھی وفاقی حکومت میں شامل ہیں ،آئندہ دنوں میں 3سو ارب روپے خرچ کرکے مسائل کو حل کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد کراچی پریس کلب کا یہ پہلا دورہ ہے،کچھ وجوہات کی بناء پر کراچی پریس کلب آنے میں تاخیر ہوئی،ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس آمدنی کم ہونے کے باعث اداروں میں بحران ہے،اداروں کے مالکان سے گزارش ہے کہ اپنے ملازمین کا خیال رکھیں ،وفاقی حکومت کی نالائقی اور ناکامی کی وجہ سے مڈل کلاس و غریب افراد کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں ،اور میڈیا کے ساتھ جو ہو رہا ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر کیا جارہا ہے،میڈیا پر پابندیاں لگا دی گئیں ہے اور جو حکومت چاہتی ہے وہ چلتا ہے اور جو نہیں چاہتی ہے وہ نہیں چلتا ہے،ماضی میں بھی یہ چیزیں ناکام ہوئیں ہیں ،سعید غنی نے کہا کہ میڈیا پر لگائی جانے والی غیر اعلانیہ پابندی کی مذمت کرتا ہوں ،وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کو ختم کیا جائے،میڈیا گذشتہ ایک برس سے شدید مالی بحران کا شکار ہے،جسے ملازمین کی جانب منتقل کیا جاناغلط اقدام ہے،سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی پرانی تاریخ کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے،یہاں بے گناہ لوگوں کو مارا جاتا تھا ،بلدیہ فیکٹری سمیت دیگر واقعات کی ذمے داری حکومت سندھ پر عائد نہیں کی جاسکتی ہے،کراچی کے کچرے پر کوئی نہیں بولتا تھا،جبکہ کراچی کی بربادی کے ذمے دار آج وفاقی حکومت میں بیٹھے ہیں،سعید غنی کے مطابق بڑے اداروں کی بحالی کے لیے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملے گی جبکہ آئندہ دنوں میں 3سو روپے کی کثیر رقم خرچ کرکے درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا،قبل ازیں صوبائی وزیر نے کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،سیکریٹری ارمان صابر،راجہ کامران ،سعید سربازی،ابولحسن،وحید راجپر،اکرم بلوچ،حنیف اکبرسمیت پریس کلب کی کابینہ سے ملاقات کی ،اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات احمد بخش ناریجو،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن زینت جہان و دیگر بھی موجود تھے،اجلاس میں پریس کلب کی گرانٹ،صحافیوں کے پلاٹس کی لیز،ایل ڈی اے میں صحافیوں کی زمین پر مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا،کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صحافتی اداروں پر تنخواہ کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے وزارت اطلاعات اور خود آپ ہماری مدد کریں ،صحافیوں کو دئیے جانے والے پلاٹوں کی لیز کا مسئلہ حل ہوگا تو ان کو لون کی سہولت میسر آسکے گی،سعید غنی کے مطابق اس سلسلے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں ،کوئی ادارہ اپنے ملازمین کے بقایا جات ادا نہیں کرتا تو انھیں دوسری قسط ادا نہیں کی جائے گی،علاوہ ازیں کراچی پریس کلب کی گرانٹ کے حوالے سے بھی تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سے بھی بات کی جائے گی۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں